• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس بندیال رکن جوڈیشل کونسل، بنچ پر اعتراض نہیں کرینگے، وکیل فائز عیسیٰ

اسلام آباد( رپورٹ :،رانا مسعود حسین ) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر درخواست گزاروں نے جسٹس عمر عطا ء بندیال کے بلحاظ عہدہ سپریم جوڈیشل کونسل کا نیا رکن بننے کے باوجود ان کے دس رکنی فل کورٹ بنچ کا حصہ رہنے پر کوئی اعتراض نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پیر کے روز جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک نے سپریم کورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد بلحاظ عہدہ جسٹس عمر عطا بندیال بھی سپریم جوڈیشل کونسل کے تیسرے ممبر بن گئے ہیں ،تاہم میرے موکل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مجھے نئے حالات کی روشنی میں ان کے دس رکنی فل کورٹ کا رکن رہنے پر اعتراض نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ، یاد رہے کہ پیرکے روز سپریم کورٹ میں آئینی درخواستوں کی سماعت کے دوران سندھ بار کونسل کے وکیل رضا ربانی نے بھی دلائل دیتے ہوئے ایساکوئی اعتراض نہیں اٹھایا ہے، یہ بھی یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کئے گئے صدارتی ریفرنس سے متعلق سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت دائر د رخواست میں فل کورٹ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے اس وقت کے چیف جسٹس/سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین جسٹس آصف سعید خان کھو سہ اور دو ارکین جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید کو فل کورٹ بنچ کا حصہ نہ بنانے کی استدعا کی تھی ،جوکہ منظور کرلی گئی تھی ، تاہم جب کیس سماعت کے لئے مقرر ہوا تو انہوںنے جسٹس اعجا زالاحسن اور جسٹس سردار طارق مسعود کو بھی اس بنچ کا حصہ نہ بنانے کی استدعا کی تھی ، جس پر یہ دونوں فاضل جج بھی بنچ سے علیحدہ ہوگئے تھے ، جس کے بعد جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فیصل عرب، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل ، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس سید منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر، جسٹس یحی ٰ آفریدی اور جسٹس قاضی محمدامین احمد پر مشتمل 10رکنی فل کورٹ بنچ تشکیل پایا تھا، تاہم اسی دوران چیف جسٹس آصف سعید کھو سہ کی ریٹائرمنٹ کی بناء پر سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل بھی تبدیل ہوگئی ہے ،بروئے قانون سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین،سپریم کورٹ کے دو سینئر ترین جج اور ملک بھر کی پانچوں ہائی کورٹوں کے دو سینئر ترین چیف جسٹسز اس کے ممبر ہوتے ہیں ، اس طرح اس وقت چیف جسٹس گلزار احمد سپریم جو ڈیشل کونسل کے چیئرمین جبکہ جسٹس مشیر عالم اور جسٹس عمر عطاء بندیال اس کے ارکان میں شامل ہیں۔

تازہ ترین