• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کا پورا حق، سرکلر ریلوے پروجیکٹ دیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کا پورا حق ہے کہ انکو بھی کے سی آر پروجیکٹ دیا جائے۔سی پیک میں سندھ کے لیے 29 منصوبے صوبائی حکومت نے تشکیل دیئے جن میں کراچی سرکلر ریلوے، اسپشل اکنامک زون اور کیٹی بندراہمیت کے حامل تین خاص منصوبے ترجیحات میں شامل ہیں۔ یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں سی پیک کی وفاقی پارلیمنٹری کمیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وفد کی سربراہی ایم این اے شیر علی ارباب کررہے تھے۔ جبکہ وفد میں ایم این ایز نور عالم، صداقت علی عباسی، غوث بخش مہر، مرتضیٰ جاوید عباسی، مہناز اکبر عزیز، زاہد درانی، سینیٹر خوش بخت شجاعت اور سینیٹر شہزاد وسیم شریک تھے ، وزیراعلیٰ کی معاونت چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی و دیگر نے کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سب سے پہلے میں شیر علی ارباب کا بہت زیادہ شکرگذار ہوں کہ انھوں نے بڑی توجہ سے ہمارے مسائل کو سنا اور یقین دلایا ہے کہ جو بھی مسائل ہم آپس میں حل کر سکتے ہیں وہ کر لیں تاکہ جب اپنے دوست ملک چائنا کے پاس وہ منصوبے لے کر جائیں تو ہم سب ایک ہی سوچ اور زاویے سے وہ پیش کرسکیں،انشاء اللہ تعالیٰ اگر اسی طرح باہمی دلچسپی رہی تو جو سی پیک منصوبے میں وقتی خال پیدا ہوا ہے وہ بہتر ہوجائے گا۔

تازہ ترین