• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آٹا بحران، اپوزیشن کا سینیٹ میں شدید احتجاج، واک آؤٹ

آٹا بحران، اپوزیشن کا سینیٹ میں شدید احتجاج، واک آؤٹ


اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)آٹے کے بحران پر سینیٹ میں اپوزیشن نے شدید احتجاج اور حکومت کے غیرسنجیدہ رویہ پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دیتے ہوئے معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا اور روزانہ کی بنیاد پر ایوان میں رپورٹ طلب کر لی۔

قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے کہا کہ گندم کی برآمد اور درآمد کا معاملہ ایک اسکینڈل بن گیاہے ‘لوگ حکومت کیلئے بددعائیں کررہے ہیں‘سینیٹر جاویدعباسی کا کہنا تھاکہ گندم بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔

سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ لوگوں سے روٹی کا نوالہ چھیننے پر قبر کا سکون نہیں عذاب ملتا ہے ‘سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھاکہ روٹی کو ترستے عوام کا مذاق اڑایاجارہاہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے ‘اس پر بحث ہونی چاہئے جبکہ سینیٹرمحسن عزیز کا کہنا تھاکہ معاملہ دوتین دن میں حل ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کوسینیٹ میں آٹے کے بحران پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے کہا کہ گندم برآمد کرنے کی ایک صاحب کو اجازت دی گئی اور جب بحران پیدا ہوا تو اس شخص کو درآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔

یہ ایسا اسکینڈل بن گیا ہے جس سے پوری عوام متاثر ہو رہی ہے۔لوگ حکومت کیلئے بددعائیں کر رہے ہیں اس پر بحث ہونی چاہئے‘ ایسا کس مجبوری پر کیا گیا پہلے برآمد پھر درآمدکی اجازت دی گئی۔

یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ آپ گھبرائیں مت‘ یہ معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد ہونا چاہئے اور کمیٹی اس ہاؤس میں اپنی رپورٹ پیش کرے‘ قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ عوامی مفاد کا ایشو ہے اس پر بات ہونی چاہئے‘ وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی جوابات دینگے۔

سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ بڑے دکھ اور افسوس کی بات ہے جو ملک گندم میں خود کفیل ہے اس کے شہری آٹے کیلئے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں‘ کچھ دن پہلے یہاں لوگ بات کر رہے تھے کہ گندم کا بحران پیدا ہونے والا ہے مگر حکومت کسی معاملے میں سنجیدہ نہیں۔

تازہ ترین