• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پنجاب اسمبلی، تحریک انصاف کے 20 ارکان نے الگ گروپ بنالیا

پنجاب اسمبلی، تحریک انصاف کے 20 ارکان نے الگ گروپ بنالیا


لاہور (نمائندہ جنگ/ نسیم قریشی) پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 20؍ ارکان نے الگ گروپ بنالیا اور فارورڈ بلاک کی قیادت کرنے والی سردار شہاب الدین نے کہا ہے کہ مزید 8؍ سے 10؍ ارکان رابطے میں ہیں تاہم میاں محمود الرشید نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کووزیراعلیٰ کی قیادت میں مکمل اعتماد ہے، کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے تحفظات کھل کر سامنے آ گئے۔

20؍ ارکان اسمبلی کا فارورڈ گروپ بن گیا، پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، 10سے 12خفیہ میٹنگز بھی کی جا چکی ہیں کہ آئندہ کی حکمت عملی کیا ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور جہانگیر ترین کو ناراض اراکین کو راضی کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کی کشتی میں سوراخ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا،پی ٹی آئی کے 20کے قریب اراکین اسمبلی نے ترقیاتی فنڈز نہ ملنے اور بیوروکریسی کی جانب سے کام نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے اور اکٹھے رہنےکیلئے حلف بھی اٹھا لیا۔

ذرائع کے مطابق لیہ سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سردار شہاب الدین کی قیادت میں 20اراکین اسمبلی کا ایک فارورڈ بلاک بن چکا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سردار شہاب الدین کی قیادت میں چنیوٹ سے تیمور لالی، بھکر سے ملک غضنفر عباس چھینا، بھکر سے عامر عنایت شہانی، حافظ آباد سے مامون تارڑ اور احسن جہانگیر بھٹی ، ڈی جی خان سے محی الدین کھوسہ، تونسہ سے خواجہ دائود، راولپنڈی سے اعجاز خان، منڈی بہاؤ الدین سے گلریز افضل چن، جھنگ سے کرنل (ر) غضنفر عباس، سرگودھا سے فاروق حمید، افتخار گوندل اور منیب سلطان چیمہ، وہاڑی سے علی خاکوانی ، بورے والا سے افضل بندیشہ اور 3 خواتین سمیت 20اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ بزدار پر اپنے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا ناراض گروپ خفیہ طور پر ن لیگ سے رابطے کر رہا ہے جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ناراض گروپ نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے رابطہ کرلیا ہے ۔سردار شہاب الدین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ پہلے تو اس بات کی تصحیح کرلیں کہ ہمارا نہ تو فارورڈ گروپ ہے اور نہ ہی ناراض گروپ ہے۔

ہم پی ٹی آئی سے آئے تھے پی ٹی آئی میں ہیں اور پی ٹی آئی میں رہیں گے اور آئندہ الیکشن بھی پی ٹی آئی ہی سے الیکشن لڑیں گے۔

سردار شہاب الدین نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تحفظات ہیں ہمارے حلقوں میں گزشتہ 10سالوں سے ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں اور اب ہماری حکومت میں بھی ہمارے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل حل نہیں ہورہے ہیں۔

تازہ ترین