• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بھارت تعمیری انداز اختیار کرتے ہوئے معاملات طے کریں، ایلس ویلز

اسلام آباد (صالح ظافر) امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے اور امن کے مفاد میں دونوں ملکوں پر تعمیری انداز سے معاملات طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جہلم ہائوس میں امریکا کی قائم مقام اسسٹنٹ وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور ایلیس ویلز نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کسی نا خوشگوار واقعے کے نتیجے میں ان ملکوں کی جانب سے اپنے اپنے عوام کی خوشحالی اور بہتری کیلئے کیے گئے اقدامات رائیگاں جائیں گے۔ وہ سینیٹر انور بیگ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بات چیت کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان صرف عدم اعتماد کا ماحول ہی سب سے بڑا مسئلہ نہٰں بلکہ دونوں ملکوں کی قیادت کو بے باکانہ انداز سے فیصلے بھی کرنا پڑیں گے۔ افغان مسئلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایلیس ویلز نے کہا کہ افغان امن عمل کیلئے پاکستان کو مزید توانائی خرچ کرنا ہوگی لیکن پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انٹرا افغان ڈائیلاگ کا جلد امکان پیدا ہوگا اور جنگ بندی ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی امیدوں پر پورا اترے گا لیکن پاکستان کو ٹاسک فورس کی جانب سے دیے گئے اہداف کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ خطے میں امن و استحکام کیلئے خطے کے ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ آئندہ ماہ صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ محض قیاس آرائی ہے ابھی کچھ طے نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات امداد سے تجارت تک منتقل ہو سکیں، پاکستان باصلاحیت ملک ہے۔ امریکا کو اس بات میں دلچسپی ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک بنے جہاں زبردست پیداوار ہو اور اس کے دنیا کے اہم ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات ہوں۔ عشائیے میں امریکی سفارت خانے کے حکام کے ساتھ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) احسان الحق، لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق یٰسین، پاکستان کے سابق سفیر برائے بھارت، چین اور امریکا ریاض کھوکھر، سابق سفیر عبدالباسط، سینئر صحافیوں شاہ رخ حسن، عارف نظامی، حارث خلیق، امیتاز گل اور کچھ ٹی وی اینکرز نے شرکت کی۔
تازہ ترین