• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درجان پرکانی کی ناگہانی موت سےبلوچستان علم دوست ساتھی سے محروم ہوگیا، بی این پی

کوئٹہ ( آئی این پی )بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری چیئرمین منظور بلوچ ،مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے اپنے مشترکہ بیان میں گزشتہ دنوں لسبیلہ کے مقام پر سڑک حادثے میں اسسٹنٹ پروفیسر اور بی این پی کے سینئر رہنماء درجان پرکانی کی ناگہانی وفات اور اہل خانہ کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ وافسوس کااظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعاکی ہے کہ وہ شہید درجان پرکانی کو جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبروجمیل عطاء فرمائے اور ان کے زخمی ہونے والے اہل خانہ کو جلد ازجلد صحت یاب کریں ۔انہوں نے شہید درجان پرکانی کی سیاسی ،قومی جدوجہد ،قربانیوں ،ادب ،ثقافت ،کلچر اور تعلیمی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی ناگہانی موت سے بلوچستان اور بلوچ قوم ایک علم دوست ساتھی سے محروم ہوگیااور اس خلاء کو پر کرنے میں ایک عرصہ درکار ہوگا،درجان پرکانی نے اپنے سیاسی کیریئر اور جدوجہد کاآغاز زمانہ طالب علمی سے سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے کیا اور اس کے بعد وہ بی این پی میں شامل ہوگئے قومی تحریک کو آگے بڑھایااور مشکل حالات میں یہاں کی عوام کی قومی اور بنیادی حقوق کیلئے ہمہ وقت جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردارادا کرتے ہوئے ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی اور اپنے خدائیداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر سطح پر بلوچ قوم اور بلوچستانی عوام کے ساتھ روا رکھے گئے ناانصافیوں پر مبنی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا وہ نہایت ہی ایک مخلص ،ایماندار ،ثابت قدم ،مستقل مزاج شخصیت کے مالک تھے ،موصوف کی جدوجہد کامقصد اور محور بلوچ قوم اور بلوچستانی عوام کو تعلیم کی فراہمی،ثقافت ،تہذیب وتمدن کو فروغ دیناتھا تاکہ اپنی تہذیب وتمدن اور ثقافت کو مثبت انداز میں دنیا کے سامنے متعارف کرایاجاسکے اور دنیا کو یہ باور کرایاجاسکے کہ بلوچ قوم ایک اچھے تہذیب وتمدن کے مالک ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہید درجان پرکانی کے خاندان کے بلوچ قوم اور بلوچستان کی عوام کے حقوق ،ترقی وخوشحالی کیلئے گراں قدر خدمات ہیں جنہوں نے ہمیشہ یہاں کے عوام کیلئے جدوجہد کی جنہیں کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیاجاسکتاہے ۔ 
تازہ ترین