مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف کہتے ہیں کہ فخر ہے کہ فواد حسن فواد نے ضمیر پر سودے بازی کی بجائے سختیاں اور مشکلات جھیلنے کو ترجیح دی۔
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے ایک بیان میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی ضمانت کا خیر مقدم کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: فواد حسن فواد کو نیب نے گرفتار کر لیا
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا بے پناہ شکر ادا کرتے ہیں کہ ایک اور بے گناہ کو آج انصاف ملا ہے، بہت افسوس ہے کہ ایسے اچھے انسان اور لائق افسر کو ناحق قید و بند کا سامنا کرنا پڑا۔
میاں شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ فواد حسن فواد کو غیر منصفانہ اور نامساعد حالات کا دانستہ شکار کیا گیا لیکن وہ جرأتمندی سے ثابت قدم رہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے آج آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالتِ عالیہ نے فواد حسن فواد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10، 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: فواد حسن فواد کا جنرل اسپتال لاہور میں طبی معائنہ
فواد حسن فواد کو گزشتہ سال 5 جولائی کو نیب لاہور نے حراست میں لیا تھا، ان پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔