سابق وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل کے حوالے سے تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں۔
نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی منظوری سے رواں ماہ کے آخر میں ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔
نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سیکریٹری عملدر آمد کی حیثیت سے آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے میں کردار ادا کیا اور ان کے اس عمل سےقومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ فواد حسن فواد اس وقت جسمانی ریمانڈ پر نیب کی زیرِ حراست ہیں، جبکہ ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔