لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی طبی بنیاد پر رہائی کی درخواستِ ضمانت سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ کا جسٹس علی باقر نجفی اور مسٹر جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل بنچ آج کیس کی سماعت کرے گا۔
دورانِ سماعت درخواست گزار فواد حسن فواد کی طرف سے امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش ہوں گے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہےکہ نیب کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، جس پلازہ کی ملکیت کا الزام عائد کیا گیا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف کو فواد حسن فواد کے انکشاف کے بعد گرفتار کیا
درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال سے بغیر کسی جرم کے جیل میں قید ہوں، صحت سخت خراب ہے، جبکہ جیل میں علاج بھی ممکن نہیں۔
درخواست گزار فواد حسن فواد نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔