• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کیل مہاسے ‘‘ ان سے چہرے کی خوب صورتی ماند پڑ جاتی ہے

میگزین ڈیسک

اکثر خواتین چہرے پر کیل مہاسوں( ایکنی ) کی وجہ سے پریشان رہتی ہیں ۔پارٹی خصوصاً جب کسی شادی کی تقریب وغیرہ میں جانا ہوتو یہ سوچ سوچ کرہی کڑھتی رہتی ہیںکہ ایسا کیا کروں کہ یہ کیل مہاسے ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائیں ۔سب سے پہلے تو یہ خواتین اپنے سوچنے کا انداز بدل لیں ۔کیل مہاسے میں احتیاط سے میک اپ کریں ۔میک اپ کرنے سے قبل کسی معیاری فیس واش سے منہ دھولیں اور چہرے کو کسی برش کی مدد سے صاف کریں ،بعدازاں برش کی مدد سے کیل مہاسوںپر کنسیلر لگاکر تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں ۔ا س کا استعمال اپنی اسکن ٹون کے مطا بق کریں ۔

اگر کیل مہاسے زیادہ نہیں ہیں تو پھر زردرنگ کا کنسیلر ہی لگائیں ۔اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ آپ جو بھی کنسیلر استعمال کریں وہ جلد کی رنگت سے ہلکا نہ ہو ،ورنہ مہاسےاور نمایاں ہوجائیں گے ۔اس کے بعد فائونڈیشن لگائیں ،ساتھ ہی ہلکا سا پائوڈر لگا کر چند منٹ کچھ نہ لگائیں ۔کیل مہاسوں سے نجات کے لیے لیموں کا استعمال بھی بہترین ہوتا ہے ۔اس کا عرق پانی میں ملا کر روزانہ پینے سے بھی کافی فرق پڑتا ہے ،علاوہ ازیںقدرتی اجزا مثلاً شہد ،دہی اور بیسن میں لیموں کے چند قطرے

ملا کربھی استعمال کر سکتی ہیں ۔ ذیل میں مزید لیموں کے استعمال کے بارے میں بتا یا جارہا ہے ۔

ایک پیالے میں لیموں کا رس ڈا لیں ، اس میں روئی بھگو کر متاثرہ جگہ پر لگائیں ۔ خشک ہونے کے چند منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوکرٹشوسے خشک کرلیں۔ یہ عمل دن میں صرف ایک بارکریں۔

ایک کھانے کا چمچہ بیسن میں آدھالیموں نچوڑ کر اچھی طرح مکس کرلیں،اسے متاثر ہ جگہ پرچند منٹ لگائیں ،بعدازاں نیم گرم پانی سے چہرہ دھوکر خشک کرلیں۔ اگر خشکی زیادہ ہوتو کوئی اچھا سا موئسچر ائزر لگالیں۔ 

لیموں اور دہی کواچھی طرح مکس کرکے انگلیوں کی پوروں کی مدد سے متاثرہ جگہ پرلگائیں، چند منٹ لگا رہنے دیں۔ اچھی طرح خشک ہوجائے توسادہ پانی سے چہرہ دھولیں ۔ہفتے میں ایک دن ضرور کریں ۔

ایکنی اسکن کے لیے شہد بھی مفید ہے ۔ رات کو سونے سے پہلے اسے چہرے پر لگا کر سوجائیں اور صبح اُٹھ کر نیم گرم پانی سے منہ دھولیں ۔اگر آپ کے چہرے پر کوئی زخم ہے تو پھر اسے استعمال نہ کریں ۔ایلویرا بھی کیل مہاسوں سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کر تا ہے ۔ یہ نہ صرف اسکن پر نمودار ہونے والے نقصان کو ختم کرتا ہے بلکہ جلد کے ٹشوز کی دوبارہ مرمت بھی کرتا ہے ۔ آپ ایلویرا کا گودا روزانہ اسکن پر لگائیں اور چند منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں ۔

تازہ ترین