• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’زندگی تماشہ‘ کی نمائش پر سندھ میں بھی پابندی عائد

فلم ’زندگی تماشہ‘ کی نمائش پر سندھ میں بھی پابندی عائد


پنجاب حکومت کے بعد سندھ حکومت نے بھی فلم زندگی تماشہ کی نمائش پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

فلم پر پابندی سے متعلق خط سینما مالکان کو بھیجا گیا ہے۔ سندھ بورڈ آف فلم سنسر کے سیکریٹری مشتاق جتوئی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فلم کی نمائش امن وامان کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

اس سے قبل پنجاب حکومت نے سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی  ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز روک دی اور فلم کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔

فلم زندگی تماشا 24 جنوری کو ریلیز ہونا تھی۔ حکومت پنجاب نے فلم کے ریویو کے لیے 3 فروری کی تاریخ دے دی ہے۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے حتمی فیصلے تک فلم کی نمائش نہ کی جائے، کمیٹی فلم کے بارے میں مختلف حلقوں کے تحفظات اور شکایات کا جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان شوبز اندسٹری کے نامور اداکار و ہدایت کار سرمد سلطان کھوسٹ نے فلم ’زندگی تماشہ‘ کی ریلیز میں درپیش مسائل پر وزیر اعظم عمران خان سے بھی مدد طلب کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرمد سلطان نے وزیر اعظم عمران خان، صدر عارف علوی کو ٹیگ کرتے ہوئے ’میں بھی پاکستان ہوں‘ کے کیپشن سے دو تصویروں پر مشتمل ایک ’کھلا‘ خط شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے وزیر اعظم، صدر، آرمی چیف، چیف جسٹس و دیگر کو اپنی فلم کی ریلیز میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا۔

تازہ ترین