• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’’زندگی تماشہ‘‘: سنسر بورڈ کا اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ

فلم ’’زندگی تماشہ‘‘: سنسر بورڈ کا اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ


مرکزی فلم سنسر بورڈ نے فلم ’’زندگی تماشہ‘‘ کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ مرکزی فلم سنسر بورڈ نے فلم ’’زندگی تماشہ‘‘ کا تنقیدی جائزہ لینے کے لیے فوری طور پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پروڈیوسر کو فلم کی ریلیز مؤخر کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

اس سے قبل پنجاب اور سندھ حکومت نے فلم ’’زندگی تماشہ‘‘ کی ریلیز روکنے کا اعلان کیا تھا۔

پنجاب حکومت نے سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز روکتے ہوئے فلم کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔

فلم زندگی تماشا 24 جنوری کو ریلیز ہونا تھی، حکومت پنجاب نے فلم کے ریویو کے لیے 3 فروری کی تاریخ دے دی۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے حتمی فیصلے تک فلم کی نمائش نہ کی جائے، کمیٹی فلم کے بارے میں مختلف حلقوں کے تحفظات اور شکایات کا جائزہ لے گی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی فلم کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

فلم پر پابندی سے متعلق خط سینما مالکان کو بھیجا گیا ہے۔

سندھ بورڈ آف فلم سنسر کے سیکریٹری مشتاق جتوئی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ فلم کی نمائش امن وامان کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار و ہدایت کار سرمد سلطان کھوسٹ نے فلم ’زندگی تماشہ‘ کی ریلیز میں درپیش مسائل پر وزیر اعظم عمران خان سے بھی مدد طلب کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرمد سلطان نے وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی کو ٹیگ کرتے ہوئے ’میں بھی پاکستان ہوں‘ کے کیپشن سے دو تصویروں پر مشتمل ایک ’کھلا‘ خط شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے وزیر اعظم، صدر، آرمی چیف، چیف جسٹس و دیگر کو اپنی فلم کی ریلیز میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا۔

سرمد کھوسٹ کا کہنا ہے کہ فلم ’زندگی تماشا‘ سینسر بورڈ دو بار پاس کرچکا ہے، فلم ریلیز کرنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سرمد کھوسٹ کا فلم ریلیز نہ کرنے پر غور

فلم ’زندگی تماشہ‘ کو بوسان عالمی فلم فیسٹیول کا معتبر ترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

نرمل بانو کی تحریر کردہ اور سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’زندگی تماشہ‘ اردو اور پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سرمد کھوسٹ کا وزیر اعظم کو کھلا خط

فلم میں عارف حسن کے علاوہ اداکارہ سمعیہ ممتاز، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

تازہ ترین