پاکستان شوبز اندسٹری کے نامور اداکار و ہدایت کار سرمد سلطان کھوسٹ نے فلم ’زندگی تماشہ ‘ کی ریلیز میں درپیش مسائل پر وزیر اعظم عمران خان سے مدد مانگ لی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرمد سلطان نے وزیر اعظم عمران خان، صدر عارف علوی کو ٹیگ کرتے ہوئے ’میں بھی پاکستان ہوں‘ کے کیپشن سے دو تصویروں پر مشتمل ایک ’کھلا‘ خط شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے وزیر اعظم، صدر، آرمی چیف، چیف جسٹس و دیگر کو اپنی فلم کی ریلیز میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا ہے۔
سرمد کھوسٹ نے اپنے خط میں لکھا کہ '24 جنوری کو فلم ’زندگی تماشہ‘ ریلیز ہونے والی تھی لیکن ڈھائی منٹ کے ٹریلر سے اخذ کیے گئے مفروضوں کی بنیاد پر فلم کے لکھاری، پروڈیوسر اور میرے خلاف ایک شکایت درج کرادی گئی جبکہ وہ فلم کو تینوں سینسر بورڈ سے پاس کروا چکے ہیں۔‘
انہوں نے اپنے خط میں اس بات کا انکشاف کیا کہ چند لوگ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ’زندگی تماشہ‘ کی ریلیز میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ماہرہ خان کو فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار
انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ ’بطور ایک قانون کی پاسداری کرنے والے شہری کے، میں اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہوں کہ فلم میں کوئی بھی نامناسب یا نازیبا سین عکسبند نہیں کروایا گیا، شکایت کنندگان کی شکایت دور کرنے کے لیے فلم ایک بار پھر سینسر بورڈ کو چیک کرنے کے لیے دی جسے کچھ سین کو ہٹانے کے بعد ریلیز کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے: فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر یوٹیوب سے پر اسرار طور پر غائب
انہوں نے لکھا کہ ’میں نے فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کردیا ہے اور اب فلم کی ریلیز سے محض ایک ہفتہ قبل اسی گروپ کی جانب سے فلم کی ریلیز کو روکنے کے لیے مختلف حربے اختیار کیے جا رہے ہیں۔
خط میں ان کا مزید کہنا تھا کہ میں یہ آپ کے علم میں اس لیے لا رہا ہوں کہ نا صرف میری ٹیم اور مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے بلکہ تواتر سے ہونے والے واقعات کی وجہ سے سسنر بورڈ کی ساخت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے: فلم ’زندگی تماشا‘ نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا
فلم ’زندگی تماشہ‘ کو بوسان عالمی فلم فیسٹیول کا معتبر ترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سرمد کھوسٹ کی فلم’زندگی تماشہ‘ کا ٹریلر جاری
نرمل بانو کی تحریر کردہ اور سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’زندگی تماشہ ‘اردو اور پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے۔
فلم میں عارف حسن کے علاوہ اداکارہ سمعیہ ممتاز، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔