اپشاور( کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور کینٹ ڈویژن نے ڈکیتی اور رہزنی میں ملوث 7رکنی منظم گروہ کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان اور گاڑیاں برآمد کرلیں ۔ایس پی کینٹ تصور اقبال نے ڈی ایس پی ٹائون مختیار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ روز ایس ایچ او تھانہ تہکال شہریا ر خان نے پلوسی قبرستان میں کاروائی کرتے ہوئے رہزنی کی غرض سے تاک میں بیٹھے رہزن گروہ کے ارکان رمضان ولد سلیم خان ، محمد کامران ولد نور گل ، صابر خان ولد زبیر خان ، عرفان اللہ ولد عبد الوہاب اور رحمداد ولد نور عالم کو گرفتار کر لیا تھا گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران پشاور سمیت دیگر اضلاع میں بھی رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر تے ہوئے چھینے گئے موبائل فونز ریسورز کے نام بھی اگل دئیے جن کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان جان محمد ولد مردان خان اور سلمان ولد جو ہر خان ساکن تاج آباد کو بھی گرفتار کر لیاگیا،ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والااسلحہ دو عدد پستول اور دو عدد موٹرسائیکل سمیت مختلف وارداتوں کے دوران چھینے گئے 23 عدد موبائل فونز بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، تمام برآمد شدہ موبائل فون کے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے جس کے بعد ان کو اپنے اصل مالکان کے حوالہ کیا جائے گا، گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ۔