• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی سندھ پروفیشنل ہونے کے بجائے پولیٹیکل بن رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ پولیسنگ پر توجہ دیں، وہ محاذ آرائی میں پروفیشنل بننے کے بجائے پولیٹیکل بنتے جارہے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئی جی کا کام ملاقاتیں کرنا نہیں ہے بلکہ بہترین پولیسنگ کا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر کوئی بحران پیدا نہیں ہوا بلکہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور امید ہے کہ جس طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی مشاورت کے زمرے میں اقدامات اٹھائے گئے بالکل اسی طرح سندھ میں وفاقی حکومت صوبے کی رائے کا احترام کرے گی، وزیراعظم کی وطن واپسی پر یہ معاملہ احسن طریقے سے حل کرلیا جائے گا۔

صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے نااہل رہنما بریکنگ نیوز اور خبریں بنانے کے بجائے سامنے آئیں اور عوام کی خدمت کریں، ڈیڑھ سال ہونے کو آرہا ہے مگر ان نااہل حکمرانوں کو باتیں کرنے سے ہی فرصت نہیں جبکہ سندھ حکومت کے عملی اقدامات آج عوام کے سامنے ہیں، پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے صرف کراچی میں آٹھ سڑکیں تعمیر کرائیں جبکہ وفاقی حکومت گرین لائن منصوبہ پر سست روی سے کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران سندھ حکومت نے پیدا کیا ہے؟ وہاں تو تحریک انصاف کی لاڈلی حکومت ہے۔ ان کو صرف سندھ حکومت کا فوبیا ہوچکا ہے، بلاول بھٹو کے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کرنے سے جو تکلیف تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو ہورہی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو صرف عوام کو خوشخبریوں پر ٹرخا رہی ہے اب تو یہ سلیکٹیڈ جب کوئی خوشخبری دیتے ہیں تو عوام کے دل سہم جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران سے نمٹنے کے بجائے تحریک انصاف نے اپنی توپوں کا رخ سندھ حکومت کی جانب کردیا ہے کیا گندم امپورٹ کرنے کا فیصلہ سندھ حکومت نے کیا ہے؟ جس کی مخالفت اب وفاقی وزراء بھی کررہے ہیں مگر یہ عقل و شعور سے عاری ہیں، ان کو عوامی ریلیف کا احساس تک نہیں ہے۔

تازہ ترین