• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مسلمان اور ہندو نے مسجد بنا کر بہترین مثال قائم کر دی

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) کراچی میں مسلمان اور ہندو شہریوں نے مسجد بنا کر بہترین مثال قائم کر دی ۔ شاہراہ فیصل پر قائم پیٹرول پمپ کے اندر یہ مسجد بنائی گئی ہے۔ نماز جمعہ سے قبل پیٹرول پمپ مکمل طور پر بند کر دیا جاتا ہے جہاں شہری نماز جمعہ ادا کرتے ہیں جس کے بعد پیٹرول پمپ کھولا جاتا ہے ۔ عام دنوں میں بھی نماز کے اوقات میں نمازیوں کی کثرت کے باعث مسجد سے باہر پیٹرول پمپ پر صفیں بنائی جاتی ہیں اور پیٹرول ڈالنے کا کام روک دیا جاتا ہے ۔ پمپ کے مینیجر غلام حیدر نےجنگ کو بتایا کہ پیٹرول پمپ کے مالکان حاجی اختر علی شیخ اور پہلاج رائے ہیں جنہوں نے قرب وجوارمیں مسجد نہ ہونے پر آج سے چار سال قبل پیٹرول پمپ سے متصل پلاٹ پر مسجد قائم کی جہاں آج تک باقائدگی سے باجماعت نمازیں اداکی جاتی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ شروع میں نمازیوں کی تعداد کم تھی لیکن اب دفاتر ، مسافر اور پیٹرول ڈلوانے والے حضرات کی بڑی تعداد مسجد میں نماز ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد میں مولانا ابوالحسن امامت کے فرائض سرانجام دیتے ہیں جبکہ ایک موذن باقائدگی سے آذان دیتے ہیں ۔ ان دونوں حضرات کو مالکان کی جانب سے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد اور نمازیوں سے نہ صرف مالکان کے کام میں مذید برکت ہوگئی ہے بلکہ ملازمین بھی اس برکت سے فیضیاب ہورہے ہیں ۔

تازہ ترین