آپ آف لائن ہیں
بدھ12؍ صفر المظفّر 1442ھ30؍ستمبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

سی ای او PIA کے اختیارات 5 رکنی کمیٹی کے سپرد

قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے انتظامی معاملات کو چلانے کے لیے پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 5 رکنی کمیٹی کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کے اختیارات سونپ دیے ہیں کمیٹی کا سربراہ چیف آپریٹنگ آفیسر اعجاز مظہر کو مقرر کیا گیا ہے ۔

پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس بدھ کو پی آئی اے کے ہیڈافس کراچی میں ہوا جس میں بورڈ ممبر طارق کرمانی نے بینکاک سے اور وفاقی سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری ایوی ایشن نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ایئر مارشل ارشد ملک کے خلاف پی آئی اے سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن (ساسا) کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس عہدے کے لیے ائر مارشل ارشد ملک تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتے اور ان کا کمرشل ایئر لائن سے متعلق کوئی تجربہ بھی نہیں ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایئر مارشل ارشد ملک نے 1982 میں بی ایس سی کیا اور اس کے بعد وار اسٹیڈیز سے متعلق تعلیم حاصل کی تاہم انہیں ایئر لائن انڈسٹری اور کمرشل فلائٹس سے متعلق سول ایوی ایشن قوانین سے کچھ آگاہی نہیں ہے۔

ساسا کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے 31 دسمبر کو ایئر مارشل ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا تھا جس کے خلاف ارشد ملک نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

سپریم کورٹ نے منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے پی آئی اے کے انتظامی امور چلانے کے لیے سی ای او کے اختیارات پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدر آمد کے لیے پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں چیئرمین اعجاز مظہر کے علاوہ سیکریٹری ایوی ایشن نثار جامی، بورڈ کے ارکان نوید ملک، طارق کرمانی، عاطف باجوہ شامل ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید