برطانیہ کی میری ٹائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کے قریب بلک کیریئر جہاز پر متعدد چھوٹی کشتیوں کے حملے کی اطلاعات ملی ہیں۔
میری ٹائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ جہاز ایران کے علاقے سیرک کے مغرب میں 11 ناٹیکل میل پر شمال کی طرف جا رہا تھا، جہاز پر حملے میں تمام عملہ محفوظ ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل میری ٹائم ٹریکنگ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اپریل کے مہینے میں ایران سے خام تیل سے بھرے ہوئے 25 ٹینکر روانہ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان میں سے 7 ٹینکرز کو امریکا نے بحیرہ عرب میں روک کر واپس ایران کی جانب موڑ دیا، 2 ٹینکرز کو بحرہ ہند میں ضبط کیا گیا جبکہ ایک ٹینکر مشرق بعید تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔
ویب سائٹ کے مطابق باقی 15 ٹینکرز، جو ماہ کے ابتدائی حصے میں روانہ ہوئے تھے، اپنے طے شدہ مقامات تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال ایک طرف امریکی پابندیوں کے نفاذ کی عکاسی کرتی ہے، تو دوسری جانب یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ ایران اب بھی مختلف طریقوں سے اپنی تیل برآمدات جاری رکھنے میں کامیاب ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران سمندری راستوں میں تبدیلی، جہازوں کی شناخت بدلنے اور دیگر تکنیکی حربوں کے ذریعے پابندیوں سے بچنے کی کوشش کرتا ہے، جس کے باعث اس کی متعدد کھیپ اپنی منزل تک پہنچ جاتی ہیں۔