• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مچھلی کے تیل کا استعمال بانجھ پن سے بچانے کیلئےمفید

لندن (جنگ نیوز) مچھلی کے تیل کا استعمال مردوں کو بانجھ پن سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ بات ڈنمارک میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ جنوبی ڈنمارک یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو مرد اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس استعمال کرتے ہیں، ان میں بانجھ پن کا امکان کم ہوتا ہے۔1700 نوجوانوں کے ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد محققین نے دریافت کیا کہ مچھلی کے تیل کا سپلیمنٹ کا استعمال کرنے والے مردوں میں اسپرم کاؤنٹ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے اور ان ہارمونز کی شرح بہتر ہوتی ہے جو بچوں کی پیدائش میں مدد دیتے ہیں۔طبی جریدے جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ تمام مرد اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کو اپنی غذا کا حصہ بناکر فائدہ حاصل کرسکتے ہیں، مگر سب سے زیادہ مثبت اثرات ان افراد میں نظر آتے ہیں، جن کے اسپرم کا معیار خراب ہوچکا ہوتا ہے ۔ محققین کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ اس طرح کے فیٹی ایسڈز فرٹیلیٹی کیلئے ضروری ہوتے ہیں۔سپرم سیل کی جھلی میں فیٹی ایسڈ کی موجودگی سپرم کے افعال کے لیے ضروری ہوتی ہے، یہ جھلی بانجھ پن سے بچانے میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہے۔ اس ریسرچ کیلئے محققین نے یکم جنوری 2012 سے 31 دسمبر 2017کے دوران مختلف مردوں کا جسمانی معائنہ کیا اور ان سے سوال نامے بھروائے گئے،فزیکل ٹیسٹ میں اور سپرم کے نمونے بھی حاصل کیے گئے۔ ان سے غذا، وٹامنز اور غذائی سپلیمنٹس، طرز زندگی ‘ طبی مسائل اور دیگر چیزوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی گئی تھیں۔ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد انکشاف ہوا کہ جن مردوں نے گزشتہ 3ماہ کے دوران مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کا استعمال کیا، ان کے سپرم کا معیار اس سپلیمنٹس سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ثابت ہوا ۔ دیگر ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ نتائج کافی دلچسپ ہیں کیونکہ اس میں جوان اور صحت مند مردوں کا جائزہ لیا گیا تھا اور یہ مشاہداتی تحقیق ہے۔ مصدقہ طور پر مچھلی کے تیل اور سپرم کے افعال میں تعلق کے بارے میں کہنا مشکل ہے مگر یہ ایک اچھا آغاز ہے۔
تازہ ترین