• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روزانہ اخروٹ کھانا صحت کے لئے بہت زیادہ مفید

لندن ( جنگ نیوز) اگر انسان کو بے وقت بھوک لگے تو وہ کچھ ایسا کھانے کو ترجیح دے جو معدے اور دل کیلئے فائدہ مند ہو اس کیلئے اخروٹ کو آزما کر دیکھیں۔ میڈیکل ریسرچرز کا کہنا ہے کہ روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کھانا صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔ یہ بات امریکہ میں ہونے والی ایک میڈیکل ریسرچ میں سامنے آئی۔ پین سٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اخروٹ دل اور معدے کی صحت کو بہتر بنا کر مجموعی صحت کیلئے بھی انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں ۔ریسرچ میں بتایا گیا کہ بے وقت بھوک لگنے پر صحت کیلئے نقصان دہ اشیا کی جگہ اخروٹ کا استعمال بظاہر چھوٹی سی تبدیلی ہے لیکن صحت پر اس کے اثرات انتہائی مفید ہیں ۔ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ غذا میں معمولی بہتری سے صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے، دن میں 55 سے 85 گرام اخروٹ کھانے سے معدے کی صحت بہتر اور امراض قلب کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ ریسرچ کیلئے 30 سے 65 سال کی عمر کے 42 رضاکاروں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جو زیادہ جسمانی وزن یا موٹاپے کے شکار تھے ۔ انہیں ریسرچ کے آغاز سے قبل 2 ہفتے اوسط امریکی غذا کا استعمال کرایا گیا۔تحقیق مکمل ہونے پر محققین نے دریافت کیا کہ جن لوگوں کو غذا کے ساتھ اخروٹ 6 ہفتےتک استعمال کرائے گئے تو ان کے معدے میں بیکٹریا اور امراض قلب کے خطرات کا سبب بننے والے عناصر میں تبدیلیوں کا پتہ چلا ۔ محققین کا کہنا تھا کہ غذائیں جیسے اخروٹ سے جسم کو فیٹی ایسڈز، فائبر اور بائیو ایکٹیو مرکبات ملتے ہیں جو معدے کے بیکٹریا کی غذا کے طور پر کام کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں فائدہ مند میٹابولائز اور دیگر افعال کو حرکت دینے میں مدد ملتی ہے۔ اس سے قبل ہارورڈ یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا تھا کہ ہفتہ بھر میں کچھ مقدار میں گریاں کھانے سے موٹاپے اور امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے کیونکہ ان سے دماغ کا وہ حصہ متحرک ہوتا ہے جو کھانے کی اشتہا اور اضطراب کو کنٹرول کرتا ہے۔ اس ریسرچ میں شامل سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے جس سے اخروٹ کے مزید فوائد کو جاننے میں مدد مل سکے۔

تازہ ترین