• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فزیوتھراپسٹ کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے، ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ فزیوتھراپسٹ کے لئے ملازمت کے مواقع بہت زیادہ ہیں ،کیونکہ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں پروفیشنلز کی مانگ روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور اسی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے آفتاب میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی معاونت سے جامعہ کراچی میں ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کی الگ عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر شبیہ الحسن نے کہا کہ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کی عمارت کے لئے سوائل ٹیسٹنک اور نقشے کا پہلا ڈرافٹ بن چکا ہے ۔آفتاب میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر عمرانہ بیگم نے کہا کہ پاکستان میں صحت عامہ کے روزبروز بڑھتے ہوئے مسائل سے نبردآزماہونا ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن ریاست کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ہر شہری کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے لئے اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں تاکہ پاکستان سے مہلک امراض کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔ہم سب کو ایک صحت مندمعاشرے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اپنا اپنا کردار اداکرنا چاہیئے۔فزیکل تھراپی ہمارے میں ملک میں تاحال ایک سنجیدہ طبی تعلیم کے طور پر متعارف نہیں ہوسکی ہے جس کی بنیادی وجہ معاشرے میں اس سے متعلق آگہی کی کمی اور جدید سہولیات کا فقدان ہے۔اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے آفتاب میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن نے فزیکل تھراپی میں جدید سہولیات کی فراہمی کو اپنے کلیدی پروجیکٹ کے لئے چنا ہے تاکہ بحیثیت پاکستانی شہری ہم اس شعبہ میں اپنا حصہ اداکر سکیں۔میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ممنون ہوں کہ انہوں نے ایک قلیل مدت میں اس پروجیکٹ کے لئے تمام تر رکاوٹوں کو عبور کرکے اس کو قابل عمل منصوبہ بنایا۔آفتاب میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کا مقصد پاکستان میں تعلیم وصحت کے شعبہ میں بہتری کے لئے کام کرناہے۔رئیسہ کلیہ علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر تبسم محبو ب نے کہا کہ ہمیں عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر اس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے اور فزیوتھراپی کا شعبہ تیزی سے ترقی کے منازل طے کررہاہے جس سے ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تازہ ترین