لاہور (وقائع نگار خصوصی )جمعیت علماءپاکستان کے رہنماءعلامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کا بحران اور اس کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور 70روپے فی کلو سے زائد فروخت غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ہزاروں افراد آٹے اور اشیائے خورونوش کی کمی اور قیمت میں اضافے کے سبب فاقہ کشی کا شکار ہیں، اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں ہوشربااضافے سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں ،اب آٹے کی قلت ،بازاروں میں عدم دستیابی اور قیمت میں اضافے نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ آٹے اور گندم کی مہنگائی کی وجہ سے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے کی قیمتوں میں کمی اور فوری فراہمی یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،آٹا بحران کی فوری تحقیقات کی جائیں اور قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔