• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس،پاکستان میں ہیلتھ ایڈوائزری جاری

کورونا وائرس،پاکستان میں ہیلتھ ایڈوائزری جاری


قومی ادارہ صحت نے چین میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد پاکستان میں ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی، لوگ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، پانی ابال کر زیادہ سے زیادہ پیئیں تو باآسانی اس مرض سے بچاؤ ممکن ہے۔

پاکستان میں قومی ادارہ صحت نے چین میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعدملک میں ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی ہے، این آئی ایچ کے مطابق چین کے شہر وہان میں اب تک 200 افراد کورونا وائرس نمونیہ کا شکار ہو چکے ہیں ۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے وائرس کے تدارک اور احتیاط کے لئے مانیٹرنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے، ماہرین صحت کے مطابق کورونا وائرس بھی عام نزلہ زکام اور بخار سے شروع ہوتا ہے جو قوت مدافعت میں کمی کے باعث نمونیہ کا سبب بنتا ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں حکومت پاکستان سے ایئر پورٹس پر تھرمل اسکینر کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ لوگ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور انہیں پانی ابال کر زیادہ سے زیادہ پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق ابھی تک ملک میں کورونا وائرس کا ایک بھی مریض موجود نہیں اس سلسلے میں تمام اسپتالوں کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

تازہ ترین