• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی کراسنگ کے قریب اسکول کے باہر فائرنگ، حاملہ خاتون زخمی


کراچی کے علاقے کورنگی میں بچی کو اسکول میں داخل کرانے کیلئے گئی ہوئی حاملہ خاتون کو مبینہ طور پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

ابراہیم حیدری پولیس کے مطابق امجد نامی شخص کورنگی کراسنگ کے قریب کراچی پبلک اسکول میں اپنی بچی کے داخلے کے سلسلے میں اہلیہ کے ساتھ گیا ہوا تھا۔

واقعے کے مطابق امجد بچی کا فارم جمع کرانے کیلئے اسکول کے اندر گیا تو ان کی اہلیہ کرن اور بچی گاڑی میں انتظار کرنے لگے۔

اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان آئے جنہوں نے مبینہ طور پر واردات کی غرض سے گاڑی کو گھیر لیا۔

پولیس کے مطابق خاتون خانہ نے خطرہ بھانپ کر کار کے شیشے چڑھالئے اور گاڑی کو لاک کرلیا۔

اس دوران ملزمان نے واردات ناکام ہوتے دیکھ کر فائرنگ کردی جس سے کرن امجد زخمی ہوگئیں۔

فائرنگ کی آواز سن کر اس کا شوہر باہر آیا اور اسی گاڑی میں اہلیہ کو لے کر جناح اسپتال پہنچا۔

ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق واقعہ ضلع ملیر کے ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے تاہم کورنگی کے زمان ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او پہلے جائے وقوعہ پر پہنچے۔

28 سالہ کرن امجد کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ 28 سالہ زخمی خاتون حاملہ بتائی جاتی ہیں۔ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

تازہ ترین