• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئےہنگامی بنیادوں پر کا م کرنا ہو گا،چیف سیکرٹری

لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبے کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خدشات سے نمٹنے اور اس سلسلے میں حکمت عملی کے جائزے کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری ایگریکلچر، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے متوقع خدشات سے نمٹنے کے لئے ڈینگی سے نمٹنے کی حکمت عملی کی طرز پر ہنگامی بنیادوں پر کا م کرنا ہو گا اور اس سلسلے میں تمام فیلڈ آفیسرز کو خود فیلڈ میں موجود رہنا ہو گا اور مقامی کسانوں کے ساتھ مل کر دئیے گئے ایس او پیز پر محکمہ زراعت، پی ڈی ایم اے، جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ قیمتی فصلوں اور لائیوسٹاک کو متوقع نقصان سے بچاپا جا سکے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام فیلڈ آفیسرز کو یقین دلایا کہ ان کی تمام ٖضروریات جس میں مشینری اور ادویات کے علاوہ ہوائی سپرے کے لئے جہازوں کی دستیابی کے لئے بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے اور سیکرٹری زراعت نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں گزشتہ تین مہینے کے دوران بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان ڈویژن میں ستر ہزار سات سو ہیکٹر علاقے میں بیالیس ہزار تین سو ساٹھ ہیکٹر علاقے کو زمین سے جبکہ آٹھ سو ہیکٹر علاقے کو ہوائی سپرے کے ذریعے ٹڈی دل سے بچایا گیا ہے۔بریفنگ میں چیف سیکرٹری کو بتا یا گیا کہ اب تک تقریباً نو اضلاع میں بیالیس ہزار چار سو اٹھاسی لیٹر سپرے کیا جا چکا ہے جہاں ٹڈی دل کے پھیلنے کے خطرات لاحق تھے۔چیف سیکرٹری کو مزید بتایا گیا کہ مختلف محکموں کے گریڈ سترہ کے پچھتر اور امدادی عملہ کے تین سو باسٹھ لوگ فیلڈ میں موجود ہیں اور جن کے لئے سترہ ڈبل کیبن گاڑیاں، بیالیس جیپ اور تقریباً تین سو موٹر سائیکل استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ چھیاسٹھ سرویلنس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے اکیس بہاولپور، چھبیس بہاولنگر، اور انیس رحیم یار خان کے ساتھ ملحقہ علاقوں خصوصی طور پر چولستان میں کام کر رہی ہیں۔میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے کہا کہ فیلڈ آفیسرز نے اس سلسلے میں جو تجاویز اور بجٹ کے متعلق مطالبات کئے ہیں وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس میں لائے جائیں گے اور حکومت کی منظوری کے بعد متعلقہ اضلاع کو فراہم کر دی جائیں گی۔ چیف سیکرٹری نے فیلڈ آفیسرز کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں کسانوں اور مقامی آبادی کے ساتھ رابطے میں رہیں اور کوشش کریں کہ اس سلسلے میں آگاہی مہم علاقائی زبانوں میں جاری رکھی جائے۔
تازہ ترین