• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈز کی مکمل اور بروقت ادائیگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،کمشنر

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور اے ڈی پی کے تحت جاری 355 منصوبوں پر ٹائم لائن کے مطابق کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے لئے فنڈز کی مکمل اور بروقت ادائیگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں راولپنڈ ی میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈی جی آر ڈی اے عمارہ خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نازیہ پروین سدھن، اے سی ریونیو سبطین کاظمی، انجینئرز جمیل احسن، محکمہ نیسپاک، بلڈنگز اوردیگر متعلقہ محکمو ں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر محمد محمود نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے کے لئے رنگ روڈ اور عمار چوک کی ری ماڈلنگ کے منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور الائنمنٹ کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ان منصوبوں کے لئے ریکوائرڈ لینڈ کی مکمل تفصیلات حاصل کر کے لینڈ ریکوزیشن کا کام بھی شروع کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کو مالی سال کے اختتام سے پہلے استعمال کیا جا سکے اور عمار چوک چکلالہ کی ری ماڈلنگ اس طرح کی جائے جس سے ارد گرد کی کم سے کم رہائشیں متاثر ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے شہر میں ٹریفک لوڈ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو منزل پر پہنچنے کے لئے وقت کی بھی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے دونوں اطراف پر ٹائون پلاننگ اور کمرشل بلڈنگز بنا کر ایک نیا شہر آباد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ پر پارکنگ بے بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے کہ جہاں پر ہیوی ٹرالر انتظار کے لئے کھڑے ہو سکیں اور اپنے وقت پر سفر کر سکیں۔
تازہ ترین