ہالہ میں کچے کے علاقے میں رشتے کے تنازع پر بروہی قبیلے کے افراد نے رند برادری کے ایک مکان میں گھس کر سوئے ہوئے افراد پر فائرنگ کردی جس سے 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے خلاف رند برادری کے افراد نے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیدیا ہے جس کی وجہ سے قومی شاہراہ پر دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
ایس ایس پی مٹیاری آصف بگھیو کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازع پر ہوا، جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کے چچا امیر بخش رند کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فائرنگ رات میں سوتے ہوئے اہل خانہ پر کی جس میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امیر بخش کا کہنا تھا کہ دو سال قبل ان کے بھتیجے مرتضیٰ نے رند برادری کی لڑکی سے محبت کی شادی کی تھی، شادی کے بعد کورٹ نے لڑکی کو پہلے دارالامان میں بھیجا اور پھر شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت دی۔
امیر بخش کا مزید کہنا تھا کہ بروہی برادری کے سردار نے جرگہ کرکے اُن کے خاندان پر 10 لاکھ جرمانہ لگایا جسے ادا کردیا گیا، تاہم جرمانے کی رقم لینے کے باوجود ملزمان نے فائرنگ کرکے 6 افراد کو ہلاک کردیا۔