• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی میں بہتری، غیرملکی تجارتی وفود کیلئے پاکستان کا سفرممکن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) او آئی سی سی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہتر سیکورٹی ماحول پر کئی غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تجارتی وفود کو ان کے سفارتخانوں اور سفری سیکورٹی اداروں نے پاکستان کے دورے کیلئے سفرکیاجازت دےدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منیجنگ کمیٹی نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کیلئے نئی سفری ہدایات کے تحت سیاحوں، کاروباری حضرات اور پاکستان میں مقیم برطانوی شہریوں کے ملک کے مختلف حصوں میں سفر کرنے کی پابندیوں میں نرمی کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔او آئی سی سی آئی کے جنرل سیکریٹری عبد العلیم نے پاکستان کے لئے برطانیہ کی حالیہ سفری ہدایات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ برطانیہ کی حالیہ سفری ہدایات کی اپ گریڈیشن دراصل برطانیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے ماحول کو بہتربنانے اورلاء اینڈ آرڈر کے چیلنجوں سے نمٹنے اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کیلئے حکومت کے عملی اقدامات اور سیکورٹی ایجنسیزکے کردار کی عملی تعریف ہے۔برطانوی حکومت کی سفری ہدایات پاکستان میں موجود اور ممکنہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے واضح پیغام ہے کہ ان کوپاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے فیصلے کرنے میں کوئی سیکورٹی خدشات درپیش نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ نئی سفری ہدایات سے برطانوی شہریوں کی بڑی تعدادپاکستان کی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں پاکستانیوں کی گرمجوشی اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوگی۔

تازہ ترین