عموماً ہمارے گھر وں میں زینے کے نیچے کی جگہ خالی پڑی رہتی ہے یا پھر وہاں فالتو سامان ڈال دیا جاتاہے، لیکن اگر کچھ دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائےتو اسے خوبصورت اور کارآمد بھی بنایا جاسکتاہے۔ اس سلسلے میں ہم آپ کو کچھ مشوروں سے نواز سکتے ہیں، جن پر عمل کرکے آپ نہ صرف اپنے گھر کی دلکشی میں اضافہ کرسکتےہیں بلکہ اس کے کارآمد استعمال پر آپ کو دلی خوشی بھی ہوگی۔
چھوٹا سا باغیچہ
مادر فطرت نے ہمیں مختلف پودوں اور پھولوں کی کثرت سے نوازا ہے۔ ان میں سے کچھ کم روشنی والی جگہوں کے لئے مثالی ہیں، جنہیں ہم ایسی جگہوں پر لگا سکتے ہیں جہاں دھوپ نہیں آتی۔ ہم آپ کو زینے کے نیچےکی غیر استعمال شدہ جگہ کو سبز نخلستان میں تبدیل کرنے کی تجویز دیتے ہیں، جو نہ صرف آپ کےگھر کی اندرونی ہوا میں تازگی لائے گا بلکہ ہر وقت آپ کو خوشگوار احساس سے محظوظ کرتا رہے گا۔ زینے کے ساتھ والی ایک دیوار کو عمودی باغ میں بدل کر جگہ کو مزید روشن بھی کیا جاسکتا ہے۔ خاص طور پر اگر یہ کھجور یا کسی دوسرے بڑے پتوں والے پودوں کےساتھ ہو تو زینے کی زینت بڑھ سکتی ہے۔
می ٹائم زون
کیا آپ کو پڑھنا پسند ہے؟ یا آپ دن میں تھوڑی دیر سوتے ہیں؟ یا پھرمراقبہ کرتے ہیں؟ ان تمام سرگرمیوں کیلئے زینے کے نیچے ایک چھوٹا سا بیڈ اور ساتھ ہی کتابوںکی الماری رکھ کرآپ اپنی ان تمام خواہشوں کی تکمیل کرسکتے ہیں۔ بیڈ کی گنجائش نہ ہو تو وہاں کشن یا بین سیٹ بھی رکھی جاسکتی ہے۔ اگر کچھ نہ کریں تو محض ایک آرام دہ بنچ بھی یہاں رکھی جاسکتی ہے۔ بنچ ہو، کشن یا پھر بین سیٹ، انہیں کمرے کی تھیم یا کمرے کے رنگ سے میل کھانا چاہئے یا ایسے متضاد ہوں کہ وہ تھیم کو کمپلیمنٹ کریں۔
اچھوتی سجاوٹ
زینے کے نیچے والی جگہ کو پرکشش سجاوٹ جیسے کہ مجسمے، گلدان اور آرائشی فرنیچر رکھنے کے لیے استعمال کیا جا سکتاہے۔ فلوٹنگ شیلف، یعنی ایسے شیلف جو اوپر سے رسی یا زنجیر سے بندھا ہو، اس کے علاوہ کچھ سفری سووینیئرز،فوٹو فریمز بھی اس جگہ کو رونق بخش سکتے ہیں۔
ٹیلی ویژن
اگر آپ کے گھر کاز ینہ لیونگ روم میں اتررہاہے تو اس کے نیچے ایل ای ڈی ٹی وی لگایا جاسکتاہے۔ اگر اس کا فریم یا رنگ زینے کے رنگ سے میل کرتا ہوتو یہ بہت ہی خوبصور ت دکھائی دےگا۔ ٹی وی کے سامنے رکھے صوفوں پر آپ استراحت فرماتے ہوئے اپنے پسندیدہ پروگراموں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
کتابیں
اگرمطالعے کے شوقین افراد کو زینے کے نیچے والی جگہ پر خوبصورت الماری رکھنے یا وہاں بُک شیلف بنانے کی جگہ مل جائے تو نہ صرف وہ خود بھی اچھا محسوس کریں گے بلکہ مہمان بھی اس آئیڈیا اور مکینوں کے ذوق کی داد دیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔
اضافی الماریاں
کیا آپ کےپاس فیشن کے بہت سارے لوازمات موجود ہیں؟ یقیناً ہوں گے، ساتھ ہی موسموں کے لحاظ سے بھی بے حساب ملبوسات خریدے جاتے ہیں اور ان سب کو رکھنے کیلئے اضافی جگہ کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگر جگہ دستیاب نہ ہو تو آپ کپڑوں کیلئے الماریوں یا اسٹوریج کی عدم دستیابی کا رونا روتے رہتے ہیں۔ آپ اپنے گھر کے زینے کے نیچے بآسانی الماریاں یا کلوزٹ بنواسکتے ہیں ، اس سےآپ کی پریشانی بھی دور ہو جائے گی اور گھر کو نیا لُک بھی مل جائے گا۔
روشنی کے آئٹمز
زینے کے نیچے کچھ غیر معمولی روشنی والے آئٹمز اور کنکریوں کی تہہ لگا کر اس جگہ کو خوبصورت اور دلکش بنایا جاسکتاہے۔ آجکل دلچسپ انداز کی لائٹنگ دستیاب ہے ، جو اس جگہ کو معنی خیز بنا سکتی ہے۔
کافی میز
زینے کے نیچے ایک میز رکھیںاور پھر اس میز پرایک خوشنما گلدان رکھ دیں۔ اس جگہ کو پر اثر بنانے کے لیے تصویریں، کتابیں وغیرہ بھی رکھی جاسکتی ہیں۔ یہاں دو چھوٹی کرسیاں رکھ کر دوافراد گرما گر م کافی یا چائے کے مزے لے سکتے ہیں۔
چھوٹا سا ایکیوریم
اگر آپ کے پاس زینے کے نیچے کافی زیادہ جگہ ہے تو آپ وہاں ایک چھوٹا سا ایکیوریم بھی رکھ سکتے ہیں یا چھوٹا سا فش ٹینک بنواکر اس میں مچھلیاں بھی چھوڑ سکتے ہیں۔ ایکیوریم یا فش ٹینک کے بڑے فائدے ہیں، بچے بھی اسے پسند کرتے ہیں اور یہ تفریح کا باعث ہوتا ہے۔ ساتھ ہی آپ کے گھر کی رونق بڑھاتاہے اور سمندری حیات کےبارے میں آگاہی ہوتی ہے۔ رنگ برنگی مچھلیوں کو تیرتے دیکھ کر طبیعت پر بھی اچھا اثر پڑتاہے۔
آرٹ کارنر
ایک شاندار فرنیچر اور رنگا رنگ آرٹ ورک زینےکے نیچے کی جگہ کو خوبصورت بنا سکتا ہے اور آپ اترتے چڑھتے اس کی جمالیات سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔ یہاں آرٹ ورک کے علاوہ آپ آرٹ گیلری بھی بناسکتےہیں یا بچوں کی آرٹ کی سرگرمیوں کیلئے آرٹ کارنر بناسکتے ہیں، جہاں بچے اپنی ڈرائنگز، آرٹ ورکس اور پینٹنگ کے کاموں میں مصروف ہو سکتے ہیں۔ ایک بلیک بورڈ اور رنگین چاکس بھی کافی ہوسکتی ہیں، جہاں بچے اپنے روزانہ کے اقوال لکھ سکتے ہیں یا تصویر سازی کا شغل پورا کرسکتے ہیں۔