لاہور میں اسکول ہیڈ ماسٹر کی غلطی سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
لاہور کے نواحی علاقے مراکہ میں پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے پانچویں جماعت کے 2 طالب علموں کو مبینہ طور پر اپنی موٹر سائیکل پر بیکری سے سامان لینے بھیج دیا۔
بچوں کی موٹرسائیکل کو تیز رفتار ٹرک نےٹکر مار دی، جس سے ایک طالب علم موقع پر جاں بحق، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا، طالب علم کے والدین نے انصاف کی دہائی دی ہے۔
پولیس کے مطابق گورنمنٹ پرائمری اسکول مراکہ کے ہیڈ ماسٹر علی رضا کی غلطی نے ایک گھرانے کا چراغ گل کر دیا۔
ہیڈ ماسٹر نےپانچویں جماعت کے طالب علموں 12سالہ ارسلان اور 13 سالہ سلیم کو مبینہ طور پر اپنی موٹر سائیکل پر بیکری سے سامان لینے بھیج دیا، ملتان روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، جس سے ارسلان موقع پر جاں بحق، جبکہ سلیم زخمی ہو گیا۔
پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جبکہ محکمہ تعلیم نے ہیڈ ماسٹر اور درجہ چہارم کے ایک ملازم کو معطل کرکے انکوائری شروع کر دی۔
ارسلان کے والد نے ہیڈ ماسٹر کی غلطی پر انصاف کی دہائی دی ہے۔