لندن (مرتضیٰ علی شاہ) دی نیوز کی اسٹوری سے کوئٹہ کے بچے کے ہارلے سٹریٹ میں علاج کے لئے 40ہزار پونڈ جمع کرنے میں مدد ملی، بچہ دل کے عنقا اور پیچیدہ عارضے میں مبتلا تھا اور دی نیوز میں نیوز اسٹوری کی اشاعت اور جیو ٹی وی کے ذریعے اپیل کے بعد علاج کے لئے 40ہزار پونڈ سے زائد رقم جمع ہونے کے بعد پیر کو ہارلے سٹریٹ میں اس کا آپریشن کی گیا۔ 7سالہ محمد صفوان زمان کو دل کے پیچیدہ نقص (ڈبل آئوٹ لیٹ رائٹ ونٹریکل ود لارج وی ایس ڈی اینڈ پریوئس پلمونری آرٹری ہینڈ) کا سامنا ہےاور دل اور پھیپھڑوں کی سرکولیشن کو جاری نقصان سے بچانے کے لئے میڈیکل اینڈ سرجیکل کیئر کی ضرورت تھی۔ بچے کے والد حاجی گل زمان نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا پیر کو 8گھنٹے کا آپریشن کیا گیا وہ بے ہوش ہے اور ہم اس کی بہترین حالت کے لئے دعا کررہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ وہ پُرامید ہیں اگلے چند گھنٹے اور دن بہت نازک ہیں بچہ چھوٹا ہے اور آپریشن بہت بڑا تاہم اس کی زندگی بچانے کے لئے کوئی آپشن نہیں تھا۔ گل زمان نے بتایا کہ وہ بچے کو اپنی ساری املاک کی فروخت کے ذریعے 30ہزار پونڈ جمع ہونے کے بعد علاج کے لئے لندن لائے تھے جہاں پہنچنے پر انہیں بتایا گیا کہ انہیں کم ازکم 40ہزار پونڈ کی مزید ضرورت ہوگی کیونکہ آپریشن پر مجموعی لاگت تقریباً 70ہزار پونڈ آئے گی۔ 22دسمبر کو جیو ٹی وی اور نیوز کی اپیل پر چند گھنٹوں کے اندر کئی افراد اور تنظیموں نے اپیل کا جواب دیتے ہوئے اکائونٹ کے اندر فنڈ جمع کرنا شروع کردیا۔ یوکے میڈیکل ایڈ ٹو پاکستان نے ایک ماہ کے اندر تقریباً 10ہزار پونڈ جمع کئے اور رقم 4روز قبل ہسپتال کے اکائونٹ میں جمع کرادی۔ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر خرم مشتاق گردیزی نے پاکستانی فزیشنز سے فنڈ جمع کرنے کے لئے ایک پیج قائم کیا جبکہ لندن کے تاجر ڈینئل شون نے اپنے دوستوں اور فیملی سے رقم جمع کی۔ سپائن اسپیشلسٹ ڈاکٹر عرفان ملک نے نیوکیسل میں ایک معروف پاکستانی سرجن سے چیک اپ کرایا اور فیصلہ کیا گیا کہ علاج کے لئے بہترین جگہ پرائیوٹ ہارلے سٹریٹ کلینک ہے کمپینرز فراز احمد اور عدنان زاہد نے گل زمان اور صفوان کی رہائش اور سفر میں مدد کرنے کے ساتھ مجموعی رقم جمع کرنے میں ایک چیرٹی کا ساتھ دیا۔ صفوان کا ابتدائی علاج کراچی کے آغا خان ہاسپٹل میں کارڈیک سرجن پروفیسر سلیم احمد کررہے تھے، انہوں نے صفوان کی فیملی کو بتایا کہ صفوان کا علاج پاکستان میں نہیں ہوسکتا اور اسے لندن لےجانے کی تجویز دی۔ ہارلے سٹریٹ کلینک کے کنسلٹنٹ پیڈیاٹرک کارڈیوتھراسس سرجنز ڈاکٹر الینڈرو گیارڈین اور ڈاکٹر مارٹن کوسٹولن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بچہ باآسانی پسینہ خارج کرنے پر مائل ہوگا اور ورزش نہیں کرسکتا اور جب سرگرم ہوگا تو سانس میں تنگی اور سینے میں درد کی شکایت کی طرف مائل ہوگا۔ انہوں نے فیملی کو بتایا کہ یہ ایک بہت پیچیدہ اناٹومی ہے اور اسے مرمت کرنا بہت مشکل ہے۔ حاجی گل زمان نے نیوز اور جیو کا فنڈ جمع کرنے میں مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ وہ ہر اس شخص کے مشکور ہیں جس نے ان کے بچے کی مدد کی۔ چند روز قبل تک ان کے لئے بالکل اندھیرا تھا تاہم نیوز کے آرٹیکل نے بہت مدد کی۔ فنڈ جمع کرنا نیوز اور جیو کے بغیر ممکن نہ ہوتا۔ ڈاکٹر خرم مشتاق گردیزی آپریشن والے آدھا دن ہمارے ساتھ رہے۔ وہ رقم کے عطیات اور اپنے بیٹے کی کیئر میں مدد دینے والے ہر ایک شخص کے مشکور ہیں۔