• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FBR میں سب بہتر؟ شبرزیدی آج طویل چھٹیوں کافیصلہ کرینگے

اسلام آباد(مہتاب حیدر) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ آج (جمعے کو) غیر معینہ مدت کے لئے چھٹی پر جانے کا فیصلہ کریں گے۔

جب جمعرات کی شب اس سلسلے میں دی نیوز نے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ میں جمعے کو طبی مشورہ سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کروں گا۔وفاقی دارالحکومت میں افواہیں پھیل رہی ہیں کہ شبر نے جمعرات کومشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو مطلع کیا تھا کہ وہ آئندہ پیر سے طویل رخصت پر جارہے ہیں۔

ان کے معاونین نے اس رپورٹر کو بتایا کہ شبر نے رواں ہفتے کئی ملاقاتیں منسوخ کردی تھیں کیونکہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے 6مہینوں میں پہلی بار ایف بی آر کا دورہ کیا اس ادارے کے اعلیٰ حکام کے چہرے سرخ کردیئے کیوںکہ انہوں نے ایف بی آر کی کارکردگی پر ناراضی ظاہر کی۔

انہوں نے فاسٹ سافٹ ویئر کے ذریعے رقم کی واپسی کی ادائیگی کے معاملے کو حل کرنے کے لئے وزارت خزانہ میں ٹیکسٹائل ٹائکونز کے ساتھ متعدد ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا لیکن یہ طویل تنازع حل نہ ہوا اور انہیں مزید پریشان کردیا۔

ایف بی آر ہیڈ کوارٹر زمیں اجلاس کے بعد چیئرمین نے طبی بنیادوں پر 2ہفتوں کی چھٹی کے لئے درخواست دی۔اس سے قبل شبر زیدی 6 جنوری سے 19 جنوری تک بیماری کی رخصت پر چلے گئے تھے۔ 

11جنوری کو ایف بی آر نے ʼسرکاری معاشی ٹیم میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کے بارے میں افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔ایف بی آر نے ایک بیان میں مزید کہا تھاکہ’’معاشی ٹیم میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کی افواہیں سراسر غلط ہیں ،شبیر زیدی2ہفتوں کی چھٹی پر تھے۔

تاہم ، اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملات اتنے نرم نہیں ہیں جتنا ایف بی آر نے دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ابھی یہ دیکھنا باقی ہےکہ شبر (آج) جمعہ کو طبی مشورے کے بعد دفتر میں رہنے یا رخصت کو ترجیح دینگے۔

تازہ ترین