• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچن گھر کو وہ حصہ ہے جس پر ہر کسی کی نظر رہتی ہے۔ یہاں ہم دوست احباب اور گھر کے افراد کے لیے کھانا اور مختلف کھانے پینے کی اشیا تیار کرتے اور خوردونوش کی اشیا محفوظ کرتے ہیں۔ اور تو اور بعض جگہوں پر تو کھانا کھانے کا انتظام بھی کچن سے منسلک جگہ پر ہی ترتیب دیا جاتا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ نہ صرف کچن کی تعمیر وسجاوٹ پر بھرپور دھیان دیا جائے بلکہ یہاں روشنی کے منظم انتظام پر بھی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ آپ کچن میں تمام تر کام بہتر انداز میں سر انجام دے سکیں۔

انٹریئر ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ کچن میں لائٹنگ کا انتظام وانصرام کرتے وقت اسٹائل اور ٹرینڈ کے حوالے سے منصوبہ بندی کرلیں کہ آپ کوکن کن جگہوں پر روشنی کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے ان جگہوں پر لائٹنگ کا انتظام کیجیے، جہاں روشنی کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے۔ اس کے بعد کچن میں سجاوٹ کے پیش نظر آنکھوں کو بھلی لگنے والی روشنیوں کا اضافہ کیا جائے۔ کچن میں لائٹنگ کے حوالے سے ڈیزائنرز مزید کیا مشورے دیتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

کیبنٹ لائٹنگ

عام طور پر زیادہ تر افراد کچن میں داخل ہوتے ہی لائٹ کھول کر فریج کی جانب رُخ کرتے ہیں، جس میں پہلے سے ہی روشنی کا انتظام موجود ہوتا ہے۔ لیکن ایسا کیبنٹس کے معاملے میں نہیں ہوتا، آپ جب بھی کیبنٹس کھولتے ہیں تو وہاں اندھیرا منہ چڑارہا ہوتا ہے۔ تو ایسے میں کیا ہمیں کیبنٹ کے اندر روشنی کا انتظام کرنے پر غور نہیں کرنا چاہیے؟

٭کیبنٹس میں لائٹنگ کا بہترین حل یہ ہے کہ ہر شیلف یا کیبنٹ کی اندرونی سطح پر چند انچ کی ’’لائٹ چینل لائٹس‘‘ کی تنصیب کردی جائے۔ مارکیٹ میں چینل لائٹس کی مختلف ورائٹی2سے96انچ تک کے سائز میں دستیاب ہے، جنہیں کچن کی تعمیر کے بعد بھی الیکٹریشن سے انسٹال کروایا جاسکتا ہے۔ تاہم کیبنٹس میں لائٹس لگواتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ لائٹ شیڈو کیبنٹ کے اندر ہی رہے، باہر کی جانب نہ ہو۔

٭کیبنٹس کے لیے دوسرا آپشن آپ کے پاس ٹیپ لائٹس (ایل ای ڈی سوفٹ ٹرپ) کا ہے۔ چونکہ یہ لائٹس نرم ہوتی ہیں لہٰذا، انہیں لگاتے وقت احتیاط لازمی ہے۔

٭ تیسرا آپشن ایل ای ڈی پک لائٹس کا ہے (جنہیں عموماً ڈاٹ لائٹس بھی کہا جاتا ہے)۔ ویسے تو ان لائٹس کی تنصیب عام طور پر سوئمنگ پول میں دیکھنے میں آتی ہے لیکن یہ کچن میں بھی ایک منفرد اور مختلف قسم کا تاثر پیدا کرتی ہیں۔ مارکیٹ میں اس قسم کی لائٹس کے بے شمار اسٹائل موجود ہیں، جن میں کسی ایک کا انتخاب آپ کے سادہ سے کیبنٹ کو بھی متاثر کن انداز دے سکتا ہے۔

دراز میں لائٹنگ

جب ہم کچن کیبنٹس میں لائٹس کا انتظام کر رہے ہیں تو پھر درازوں میں کیوں اندھیرا رکھا جائے؟ کچن کی درازوں کے لیے بھی ایل ای ڈی سوفٹ ٹرپ لائٹس کی ایک پٹی کا انتخاب بہترین رہے گا۔ اس طرح درازوں میں موجود آپ کے برتنوں کی چمک بھی مزید بڑھ جائے گی۔ تاہم درازوں میں لائٹنگ کرنے کے لیے آپ کو بہت زیادہ سوچ بچار کی ضرورت نہیں ہے، یہاں صرف روشنی کا انتظام ذہن میں رکھتے ہوئے لائٹس کا انتخاب کیجیے۔ اگر آپ درازوں کے لیے سوئچ یا موشن سینسرز کا انتخاب کریں تو یہ لائٹس صرف درازیں کھلنے پر روشن ہوںگی اور جب آپ درازیں بند کریں گے تو لائٹس بھی خود بخود بند ہوجائیں گی۔

کاؤنٹر ٹاپ لائٹنگ

باورچی خانے میں سب سے زیادہ کام کاؤنٹر ٹاپ پر ہوتا ہے۔ عام طور پر کاؤنٹر ٹاپ کیبنٹس کے نیچے ہوتا ہے اس وجہ سے وہاں روشنی کم ہوتی ہے۔ لائٹس کی تنصیب کے لیے کاؤنٹر ٹاپ کے اوپر والی جگہ یعنی کیبنٹس کی نچلی سطح سب سے بہترین ہوتی ہے۔ لیکن کاؤنٹر ٹاپ کے لیے لائٹس کا انتخاب کرتے وقت یہ بات ذہن میں رکھیں کہ کاؤنٹر ٹاپ کی سطح چمکیلی (شائنی )ہوتی ہے، اس لیے یہاں بہت زیادہ لائٹس لگانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ 

اس صورتحال میں سوفٹ ٹرپ لائٹنگ کے بجائے لائٹ چینل مل ورک لائٹس کا انتخاب زیادہ سود مند ثابت ہوگا۔ تاہم اگر آپ کا کاؤنٹر ٹاپ میٹ ہے تو آپ دیگر لائٹس کے مقابلے میں پک یا ڈاٹ لائٹس کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ پک لائٹس کی تنصیب کے لیے کیبنٹ کی نچلی سطح پر ایک علیحدہ سے شیلف کی تعمیر کروائی جاسکتی ہے، جس پر پک لائٹس ایک خوبصورت اضافہ ثابت ہوں گی۔

سنک ایریا

کچن کیبنٹس، درازوں اور کاؤنٹر ٹاپ کے بعد اگلا مرحلہ کچن سنک ایریا میں روشنی کا انتظام کرنا ہے کیونکہ برتنوں کی دھلائی کے وقت روشنی کی مناسب مقدار کا ہونا بہت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سنک کے بالکل اوپر لائنٹگ کا انتظام ضروری سمجھا جاتا ہے۔ سنک کے لیے ماہرین پینڈیٹ اورہینگنگ لائٹس کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔

تازہ ترین