• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تزئین نو (ری ماڈلنگ) ایک دلچسپ لیکن جان جوکھم میں ڈالنے والا کام ہے۔ چاہے آپ اپنے گھر کو قابل ذکر بنانا چاہتے ہوں یا پھر اس میں کوئی قابلِ ذکر ڈھانچہ جاتی تبدیلی لانا مقصود ہو، خواہش یہ ہوتی ہے کہ ہر کام زبردست انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچے اور اس کے نتائج بھی اتنے ہی زبردست ہوں۔ مطلب، آپ کے گھر آنے والا کوئی بھی شخص ان تبدیلیوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

منصوبہ بندی

گھر کی تزئین نو کرنے کا پہلا مرحلہ ’پلان‘ یعنی منصوبہ بندی کرنا ہے۔ تزئین نو کے سارے عمل کو بروقت مکمل کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ ان ساری مصنوعات یا اشیا کا پیشگی انتخاب کرلیں، جن کا آپ نے استعمال کرنا ہے۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ آپ اپنے بجٹ سے تجاوز نہیں کریں گے۔ ساتھ ہی پیشگی منصوبہ بندی سے آپ کو فیصلے لینے میں آسانی ہوگی کیونکہ منصوبے کی لاگت کے حوالے سے ساری صورتِ حال آپ کے سامنے آجاتی ہے۔

تحقیق

گھر کی تزئین و آرائش کرنے سے پہلے آپ مختلف ذرائع سے تحقیق کرسکتے ہیں، جن میں ویب سائٹس، جریدے اور ہمارے یہ صفحات شامل ہیں، جہاں گاہے بگاہے آپ کو اس حوالے سے دلچسپ معلومات دی جاتی رہتی ہیں۔تحقیق کے ذریعے آپ اس بات کا حتمی فیصلہ کرلیں کہ آپ اپنے گھر کے ہر کمرے کو کس طرح دیکھنا چاہتے ہیں۔ پہلے ایک سے زیادہ ڈیزائن شارٹ لسٹ کریں اور پھر ان میں سے کسی ایک ڈیزائن کو منتخب کرلیں جو آپ کے ذوق اور بجٹ کے مطابق ہو۔ اس کے علاوہ جس جگہ سے جو چیز اچھی لگے اسے کاٹ کر اپنے پاس محفوظ کرلیں۔

مزید برآں، آپ ایک تھیم کو لے کر چلیں اور پھر اس پر قائم رہیں۔ مثلاً، آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ کو باورچی خانہ کے لیے روایتی (ٹریڈیشنل) چاہیے یا پھر جدید (ماڈرن) یا دیہی (رَسٹِک)۔ اگر آپ کو کوئی ایسی چیز پسند ہے جسے آپ نے اپنے دوست یا رشتے داروں کے گھر دیکھا تھا تو آپ ان سے پوچھ سکتے ہیں کہ انھوں نے وہ چیز کہاں سے خریدی۔

بجٹ مختص کرنا

گھر کی تزئین و آرائش ایک مہنگا کام ہے۔ اگر آپ نے پیشگی بجٹ بنائے بغیر اس کام میں ہاتھ ڈالا تو پھر یہ سمجھ لیں کہ آپ کی توقعات سے زیادہ خرچہ ہوگا۔ منصوبہ بندی اور تحقیق کے نتیجے میں آپ ایک بجٹ کا تعین کرنے کے قابل ہوجائیں گے، لہٰذا اس میں دیر نہ کریں۔ ایک بار بجٹ بنالیں تو پھر اس کے مطابق چلیں۔ آپ کا بجٹ فرنیچر، آرائشی اشیا، لائٹنگ، فلورنگ، پلمبنگ اور انسٹالیشن وغیرہ کے اخراجات کا احاطہ کرے گا۔

ٹھیکیدار کا انتخاب

ٹھیکیدار کا انتخاب کرنے سے پہلے ان جگہوں پر ضرور جائیں، جہاں جہاں اس کے کام چل رہے ہیں۔ ایک اچھے ٹھیکیدار کی نشانی یہ ہے کہ وہ جس جگہ بھی کام کرتا ہے وہاں صفائی، ستھرائی کا بہت خیال رکھتا ہے اور انتہائی منظم انداز میں اس کا کام خاص رفتار سے جاری رہتا ہے۔ آپ کو اس کے کام کی جگہ پر افراتفری نظر نہیں آئے گی۔ بہتر یہی رہتا ہے کہ آپ ایک ٹھیکیدار کا انتخاب کرنے سے پہلے دو، تین اور ٹھیکیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں، جس کے بعد آپ کو درست اندازہ ہوگا کہ آپ کے کام کے لیے سب سے موزوں ٹھیکیدار کون رہے گا۔

اچھے ’باس‘ بنیں

بروقت اور معاہدے کے عین مطابق ادائیگیاں کرنا تو آپ کا اخلاقی اور قانونی فرض ہے، اس لیے ادائیگیوں کے معاملے میں پس و پیش سے کام نہ لیں۔ مزید برآں، سائٹ پر کام کے دوران سب کام کرنے والوں کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھیں۔ سب کو عزت چاہیے ہوتی ہے، آپ انھیں عزت دیں گے تو وہ آپ کو آپ کی توقعات سے بڑھ کر نتائج دیں گے۔

توقعات

ایک پروفیشنل ٹھیکیدار آپ کو بتائے گا کہ پروجیکٹ میں آپ کو کیا توقعات رکھنی چاہئیں۔ تمام تر پیشگی منصوبہ بندی کے باوجود آپ کو کچھ کاموں میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور کچھ پریشانیاں بھی دیکھنی پڑسکتی ہیں۔ جب آپ ان متوقع پریشانیوں اور ذہنی کوفت کے لیے پہلے سے ہی اپنے ذہن کو تیار کرلیں گے تو آپ کو زیادہ مشکل نہیں ہوگی۔

ضروری سامان محفوظ کرلیں

جب آپ تزئین نو کے منصوبے پر کام کا آغاز کریں گے، تو یہ آپ کے گھر کے ہر حصے کو متاثر کرے گا۔ کام شروع کرنے سے پہلےآپ کو تمام تصاویر اور دیگر نازک سامان کو ہٹا لینا چاہیے۔ اس کے علاوہ، اگر آپ چاہتے ہیں کہ فرش صاف ستھرا اور محفوظ رہے تواسے کپڑے سے ڈھانپ لیں۔

کام کا آغاز

باقاعدہ طور پر کام شروع کرنے سے قبل آپ ٹھیکیدار اور اس کی پوری ٹیم کے ساتھ ایک میٹنگ رکھیں۔ کام کرنے والی ٹیم کی سائٹ پر پہنچیں اور پیک-اَپ کے اوقاتِ کار طے کریں۔ ساتھی ہی مٹیریل کو رکھنےکے لیے جگہ پر اتفاق اور تزئین نو کے دوران پیدا ہونے والے فضلے کو بروقت ٹھکانے لگانے پر اتفاق کرلیں، تاکہ بعد میں پریشانی نہ ہو۔

اخذ نتیجہ

گھر کی تزئین نو کرنے سے پہلے منصوبہ بندی اور بجٹ بنانے کے لیے خود کو مناسب وقت دیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے اس کام کے لیے درست ٹھیکیدار کا انتخاب کیا ہے۔ ایک بار جب کام کا باقاعدہ آغاز ہوجائے تو ٹھیکیدار کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے رکھیں اور جہاں کہیں آپ کو کام میں تبدیلی یا بہتری کی گنجائش نظر آئے، فوری طور پر اسے ٹھیکیدار کے علم میں لائیں اور دیکھیں کہ اس نئی صورتِ حال کا حل بجٹ میں رہتے ہوئے کس طرح نکالا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین