• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے: پاکستانی تنظیم کی کشمیریوں کی حمایت میں قرارداد منظور

ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی تنظیم اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے سالانہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار اور بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی ہے۔

اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے 29 ویں سالانہ جنرل اسمبلی کا اجلاس اوسلو میں ہوا، جس میں سوسائٹی کے اراکین باالخصوص نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری راشد علی اعوان نے حاصل کی۔ ہدیۂ نعت حماد حسین قادر نے پیش کیا۔

جنرل سیکریٹری راشد علی اعوان نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا جسے اجلاس میں شریک تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

اجلاس کے شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں اور ان پر بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔ قرارداد میں کشمیری بہن بھائیوں پر ظلم وجبر کو بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

قرارداد میں کشمیریوں کے علاوہ بھارت کی دوسری ریاستوں اور صوبوں میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

جنرل سیکریٹری نے سال 2019 کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور سوسائٹی کی انتظامیہ اور مشاورتی بورڈ کے ارکان کا ان کی خدمات اور ممبران کی فلاح وبہبود کے لیے کاوشوں اور وقت دینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ خاص طور پر سوسائٹی کے مرحوم صدر مرزا محمد ذوالفقار کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس کے دوران متفقہ طور پر مجودہ انتظامیہ کو مزید دوسال کے لیے منتخب کیا گیا۔ الیکشن کمیٹی کے صدر مرزا انوربیگ اور اراکین عقیل قادر اور عجب خان نے اعلان کیا کہ نئے انتخاب کے تحت صدر راجہ خالد اسحاق، جنرل سیکریٹری راشد علی اعوان، جوائنٹ سیکریٹری شیروز حسین، فنانس سیکریٹری وقاص لیاقت، انفارمیشن سیکریٹری ابرار یعقوب، انفارمیشن سید فواد علی شاہ اور معاون راجہ افتخار علی اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر سوسائٹی کے بانی رکن ماسٹر محمد عارف نے نارویجین پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی اور ناروے کی حفاظت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

تازہ ترین