• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کی ملتان آمد، شہر کی اہم سڑکو ں کی صفائی ستھرائی

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان گلزار احمد کے ملتان میں قیام کے پیش نظر گزشتہ روز سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہر کی اہم شاہراہوں کی صفائی عروج پر رہی۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شہر نکھارنے اور چمکانے کا حکم دے دیا تھا اور اس سلسلے میں پی ایچ اے اور واسا کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، پی ایچ اے اور واسا اہلکاروں کو یونیفارم کی پابندی کی ہدایت کی گئی تھی اور تمام محکموں کے اہلکار احکامات پر عمل درآمد کے لئے الرٹ رہے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہر کی مختلف سڑکوں کی دھلائی اورصفائی کی گئی۔ چوکوں اور پارکوں کے باہر چونے کی لائننگ لگانے کا کام جاری رہا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی تمام مشینری اور اہلکار فیلڈ میں متحرک رہے۔مینجنگ ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگرنے گزشتہ روز صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سرکٹ ہاؤس، ہائیکورٹ اور ممتاز آباد کا وزٹ بھی کیا۔انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اور مزارات کے اطراف میں صفائی کا خصوصی جائزہ لیا ،بوسن روڈ، گلگشت اور ججز کالونی کے اطراف میں صفائی کی صورتحال چیک کی۔علاوہ ازیںڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے بھی شہر کے مختلف علاقوں کا وزٹ کیااور انتظامات کے حوالے سے مختلف ہدایات بھی جاری کیں۔
تازہ ترین