• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنیف خان نے پی ایچ ایف سے شرائط منوا کر ذمہ داری سنبھالی

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ حنیف خان کی کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے پید اہونے والی ناراضی کو ختم کرنے میں پی ایچ ایف کے صدر خالد کھوکھر نے اہم کردار ادا کیا، جنگ کو باوثوق ذرائع کے مطابق انہوں نے حنیف خان سے فون پر رابطہ کیا، اس سے قبل سیکریٹری شہباز احمد نے بھی ان سے بات چیت کی۔ حنیف خان بعض شرائط پر ذمے داری دوبارہ سنبھالنے پر رضامند ہوگئے۔ انہوں نے سلیکشن کمیٹی کے فیصلوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ موجودہ سلیکٹرز کی موجودگی میں کوئی عہدہ قبول نہیں کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی کیمپ میں 50کھلاڑیوں میں سے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب صرف ایک صوبے سے کیا گیا، تین سلیکٹرز کا تعلق بھی اسی صوبے سے ہے،سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ کی جانب سے پیش کی گئی کھلاڑیوں کی فہرست کو وصول تک نہ کیا اور ٹیم کا اعلان کردیا۔ پی ایچ ایف کی جانب سے انہیں یقین دہنی کرائی گئی کہ اذلان شاہ کپ کے بعد سلیکشن کمیٹی کو ختم کردیا جائے گا اور اگر سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی تو اس میں ہیڈ کوچ اور کوچنگ اسٹاف کی رائے کو مدنظر رکھا جائے گا، فیڈریشن نے حنیف خان کو ٹیم میں تبدیلی کی بھی پیش کش کی تاہم انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر وہ کسی کھلاڑی کو ڈراپ کر کے اسے مایوس نہیں کرنا چاہتے ہیں مگر اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے اچھے برے نتائج کے وہ ذمے دار نہیں ہونگے۔ 
تازہ ترین