کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ حنیف خان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کے ساتھ جانے پر رضا مند ہوگئے ہیں، جمعے کو پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیر (ر) خالد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز احمد نے ان سے رابطہ کرکے جائز شکایت کو دور کرنے کا وعدہ کیا۔ واضح رہے کہ حنیف خان قومی ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے قومی سلیکشن کمیٹی سے پیدا ہونے والے اختلافات کی وجہ سے ایک ہفتے قبل قومی کیمپ چھوڑ کر کراچی آگئے تھے، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے حنیف خان نے کہا کہ ان کی ناراضی اپنے بھتیجوں کی ٹیم میں عدم شمولیت کے خلاف نہیں تھی ،اعتراض ایک وقت میں چھ سینئر کھلاڑیوں شکیل عباسی، حسیم خان، محمد زبیر، شفقت رسول، وقاص شریف، کپتان محمد عمران کو ڈراپ کرنے اور فل بیک خالد بھٹی، کاشف شاہ اور ٹاپ اسکورر احسان کو کیمپ سے باہر کرنے پر تھا۔