• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین روزہ بین الاقوامی ’کٹھ پتلی فیسٹیول‘ کا 7 فروری سے آغاز

تین روزہ بین الاقوامی ’کٹھ پتلی فیسٹیول‘ کا 7 فروری سے آغاز


تین روزہ بین الاقوامی ”کٹھ پتلی فیسٹیول“ کراچی کے شہریوں کے لیے تحفہ ہوگا، فیسٹیول کا آغاز 7 فروری کو باغِ ابن قاسم میں کیا جا رہا۔

ان خیالات کا اظہار میئر کراچی وسیم اختر نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی احمد شاہ بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم پَپٹ تھیٹر کی ازسرِنو بحالی کے لیے کام کررہے ہیں، کٹھ پتلی فیسٹیول سے کراچی کی عوام خاص طور پر بچے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی تھیٹر کے ذریعے بچوں کی بہترین تربیت کی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ شہر میں جو بھی اچھا کام ہورہا، اس کی پذیرائی کرنی چاہیے، شہر کو زندہ رکھنے کے لیے ایسے پروگرامز کا ہونا بے حد ضروری ہے، ساتھ مل کر کام کرنے سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کٹھ پتلی فیسٹیول کو خوش آمدید کہتی ہے، کسی کٹھ پتلی سے پرفارم کرانا بہت مشکل کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی تھیٹر کا انعقاد کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی کیا جائے۔

رفیع پیر کے روحِ رواں سعدان پیرزادہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی تھیٹر کا آغاز 1976ءمیں ہوا، ہم نے پاکستان سمیت 34 ملکوں میں پرفارم کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لیے پہلی بار یہ تھیٹر مثالی ہوگا، یہ کٹھ پتلی تھیٹر دیگر پتلی تماشوں کے لیے راہیں ہموار کرے گا۔

اس موقع پر یامینہ پیرزادہ نے کہا کہ پپیٹ شو میں پاکستان کے علاوہ بین الاقوامی فنکار بھی حصہ لے رہے ہیں، کٹھ پتلی فیسٹیول 7 تا 9 فروری دوپہر 3 سے رات11بجے تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین