• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خود مافیا ہے، فارن فنڈنگ کے تحت مسلط کیا گیا، احسن اقبال


مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے سب سے بڑا مافیا عمران خان خود ہے، یہ فارن فنڈنگ کے تحت مسلط کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ جب سے یہ حکومت برسراقتدار آئی ہے ہر پاکستانی کی گردن پر 1 لکھ 60 ہزار کا قرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے ہمارے 5 سال سے زیادہ قرضہ اس نے 15 ماہ میں لیا ہے ، اس کے عوض حکومت نے عوام کو کیا دیا؟ یہ پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے آئے ہیں ۔

احسن اقبال نے کہا کہ 72 سالوں میں ایک پاکستانی پر قرض 1 لاکھ 20 ہزار روپے تھا، ایک سال میں 40 ہزار کا قرض ایک پاکستانی پر بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے پاکستان میں کون سا نیا منصوبہ شروع ہوا؟ جو پہلے سے جاری منصوبے ہیں یہ حکومت ان کو بھی مکمل نہیں کر سکی۔

اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی پراجیکٹ کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔

دورانِ سماعت احسن اقبال نے عدالت میں کہاکہ نیب سے پوچھیں کہ سعودی عرب کو باہمی قانونی معاونت کے تحت جو خط لکھا تھا اس کا کیا بنا؟ کتنے ملین ریال ریکور کیے گئے؟ نیب سے میری بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تفصیل معلوم کریں، کیا وہ تمام ٹرانزیکشنز جائیداد کی فروخت سےحاصل ہونے والی رقم سےمتعلق نہیں؟

اس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ باہمی قانونی معاونت کا معاملہ ابھی پراسیس میں ہے، ریفرنس دائر کریں گے جس میں تمام تفصیل ہو گی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نیب 20 ماہ سے یہ معاملہ انویسٹی گیٹ کررہا ہے اور ابھی تک ریفرنس بھی دائر نہیں کیا، نیب سے پوچھیں کہ ریفرنس کب تک آجائے گا، اس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ 90 دن کے اندر دائر کردیں گے۔

نیب کے مؤقف پر احسن اقبال کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ 90 روز کی مدت ریمانڈ کےلیے ہے،ریفرنس دائر کرنے کے لیے نہیں۔

بعد ازاں احسن اقبال کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے لیگی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کردی۔

تازہ ترین