اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)احتساب عدالت کے جج محمدبشیر نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس اسکینڈل میں گرفتار لیگی رہنماء احسن اقبال کے جوڈیشل میں28فروری تک توسیع کر دی ہے۔ جبکہ پیشی کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا نیب پلی بارگین کر لیں ورنہ عدالت جاؤں گا۔ جمعہ کو سماعت کے دوران احسن اقبال کو شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ جیل سے عدالت لایا گیا، سماعت شروع ہونے پر احسن اقبال روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ نیب سے پوچھیں سعودی عرب کو خط لکھا تو کیا جواب ملا ؟ جس پر نیب پراسکیوٹرنے کہا کہ ابھی ایم ایل اے پر پراسیس جاری ہے ، احسن اقبال نے کہا کہ نیب بتائے کیا میرے اکائونٹس میں نکلی رقوم وہی نہیں جو میرے اثاثوں کی فروخت سے ملیں ؟ جس پر عدالت نے کہا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں ، نیب تو ابھی تحقیقات کر رہا ہے ، نیب پراسکیوٹر نے کہا ہم ریفرنس میں سب کچھ بتائینگے کہ انہوں نے کیا کچھ کیا ہے، عدالت نے احسن اقبال کو 28 فروری تک واپس جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔