• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’چیف جسٹس کےاحکامات پرمکمل عمل کریں گے‘، ناصر حسین

ناصرحسین شاہ کی کراچی میں میڈیا سےگفتگو


صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ تجاوزات کےخلاف آپریشن جاری ہے، چیف جسٹس کے احکامات پر مکمل عمل کریں گے، جہاں خاندان آباد نہیں ان تعمیرات کو پہلے مرحلے میں گرایا جائے گا۔

ناصرحسین شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیف جسٹس نے عمارتوں کو گِرانے کاحکم دیا، احکامات پر عمل ہوگا، ہم چیف جسٹس کے شہر کی بہتری کے وژن کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمارتوں میں مقیم اہلِ خانہ سے ہمدردی بھی ہے، لوگوں کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے لیکن دوسروں کی جگہوں پر قبضہ بھی صحیح نہیں۔سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ جہاں لوگ رہتے ہوں وہاں لوگوں کو نہ ہٹایا جائے۔

کراچی بڑا شہر ہے، مکمل تجاوزات کے خاتمے میں وقت لگے گا، کراچی میں 900 سے زائد غیر قانونی تعمیرات ہیں۔

ناصر حسین نے کہا کہ سپریم کورٹ احکامات سے ہمیں آسانی ہوجائے گی، بعض اوقات حکم امتناع ہمارے کام میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دیگر ممالک سے بھی لوگ غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، کرپشن کی شکایت پر ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال 130 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز ہمیں کم ملے، کراچی میں کچی آبادیوں سے متعلق جامع پلان بنا رہے ہیں، پرانی آبادیوں اور قدیم گوٹھوں کو ریگولرائز کیا گیا ہے، بلڈرز مافیا اور دیگر لوگوں کے ملنے سے انکروچمنٹس ہوئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس غیر ملکی مقیم افراد کیخلاف بھی ایکشن لیں۔

آئی جی سندھ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ آئی جی صاحب فوری طور پر چھٹی لے لیں، کے پی اور پنجاب میں فوری آئی جی تبدیل ہوجاتے ہیں، آئی جی کی تبدیلی سے متعلق تنازع نہیں ہونا چاہیے تھا۔

تازہ ترین