کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر ) کوئٹہ کسٹم انٹیلی جنس نے ہزار گنجی میں کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس چوہدری محمد اکرم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ہزارگنجی میں ایرانی ڈیزل سے بھراآئل ٹینکر کھڑا ہے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس محمد زوہیب کی سر براہی میں ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک آئل ٹینکر کو چیک کیا تو اس میں 40 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل لوڈ تھا جو جعلی کاغذات کے ذریعے سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے ٹینکر قبضے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق تحویل میں لئے جانے والے ٹینکر اور آئل کی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔