پشاور کے میگا پراجیکٹ بی آر ٹی پر وزیر دفاع پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان ٹویٹر پر لفظی جنگ ہوئی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور شہباز شریف دونوں آمنے سامنے آگئے ۔
لفظوں کی اس جنگ میں پرویز خٹک بی آر ٹی منصوبے جبکہ شہباز شریف ملتان، لاہور اور اسلام آباد کے میٹرو منصوبوں کا دفاع کرتے رہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بی آر ٹی منصوبہ کی تعمیراتی لاگت سے متعلق ٹویٹ میں کہا کہ اس منصوبہ کی تعمیراتی لاگت ملتان، لاہور اور اسلام آباد کی میٹرو کے برابر ہے۔
مسلم لیگ نواز کے دورحکومت میں بننے والے ان 3 منصوبوں کا پروپیگنڈا کیا گیا جبکہ تینوں منصوبے ریکارڈ وقت میں مکمل کیے گئے ہیں ۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے جوابی ٹویٹ میں کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ میں شامل مرکزی کوریڈور اور متصل روٹس مکمل ہو چکے ہیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نظام عنقریب مکمل ہونے والا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ شہباز شریف کی اس منصوبے کی رپورٹ کردہ تعمیراتی لاگت 90 ارب روپے غلط ہے، بی آر ٹی منصوبہ کی تعمیراتی لاگت 66 ارب روپے ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ منصوبہ کی مرکزی کوریڈور کی تعمیراتی لاگت لاہور میٹرو کے 5 سال گزرنے کے بعد بھی کم ہے بی آر ٹی منصوبہ میں کمرشل اور پارکنگ پلازے بھی شامل ہیں۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ برائے مہربانی قوم کو گمراہ مت کریں۔