راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ آج برسوں سے زیر التوا شہدائے وکلاء ہسپتال کے تعمیراتی کام کا افتتاح کریں گے۔ہائی کورٹ بار راولپنڈی کی دعوت پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ آج راولپنڈی کا دورہ کریں گے۔چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے ہسپتال کے قیام کے وقت بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔اب چیف جسٹس کی زمہ داریاں سنبھالتے ہی انہو ں نے سرد خانے کی نظر تعمیراتی کام کو ازسر نو زندہ کیا ہے۔جس کا باقاعدہ آغاز آج ہوگا۔جبکہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کی تاریخ میں پہلی بار آج(پیر) چیف جسٹس سمیت نو ججز عدالتی امور انجام دیں گے۔ادھر بار کے صدر ملک غلام مصطفی کندوال،سینئر نائب صدر حسنین کاظمی،جنرل سیکرٹری محمد فیصل ملک اور دیگر وکلاء نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سے بھی ملاقات کرکے ان کو شرکت کی دعوت دی ہے۔بار کے صدر ملک غلام مصطفی کندوال اور جنرل سیکرٹری محمد فیصل ملک کے مطابق ہائی کورٹ بار کے زیر اہتمام رات کو چیف جسٹس مامون رشید شیخ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جارہا ہے۔جس میں ججز اور ڈویژن بھر سے وکلاء شرکت کریں گے۔آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ میں دو ڈویژن اور نو سنگل بنچ کام کریں گے۔سول معاملات کیلئے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شمس محمود مرزا،فوجداری امور کیلئے جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز ہوں گے۔چیف جسٹس مامون رشید شیخ ،جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس مرزا وقاص رئوف دودن جبکہ جسٹس مسعود عابد نقوی ایک دن کیلئے راولپنڈی بنچ میں عدالتی کام کریں گے۔جسٹس صداقت علی خان 13سے17فروری تک بنچ میں موجود ہوں گے۔لائرز ہسپتال2010میں وکلاء تحریک میں شہید ہونےوالوں کی یاد میں شروع کیا گیا تھا۔جس کی نئی عمارت کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا۔ہسپتال کیلئے جوڈیشل آفیسرز اینڈ لائرز ٹرسٹ کورجسٹرڈ کرایا گیا۔نئی عمارت کی تعمیر کیلئے اس وقت کے چیف جسٹس خواجہ محمد شریف نے46لاکھ جبکہ ہائی کورٹ نے پچاس لاکھ روپے فراہم کئے تھے۔ٹرسٹ کے نمائندے سید ذوالفقار عباس نقوی کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس،ججز اور وکلاء پر مشتمل ٹرسٹ ہسپتال کو چلا رہا ہے۔جس میں ججز،وکلاء،پیرا لیگل سٹاف ہائی کورٹ سٹاف اور ان کی فیملیوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔اب تک ایک لاکھ سے زیادہ افراد طبی سہولتوں سے مستفید ہوچکے ہیں۔ہسپتال کو اوپی ڈی سے شروع کیا گیا جو اب کلینکل لیب،ڈینٹیل اینڈ آئی کی سروسز کے ساتھ ساتھ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی سہولت بھی دے رہاہے۔