اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن مسلم لیگ (ن) کا گڑھ تھا اور ہمیشہ رہے گا۔ اپنے قائد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی ہر کال پر لبیک کہیں گے۔ پارٹی میں کوئی اختلاف یا گروپ بندی نہیں ہے۔ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن کی تمام تنظیمیں متحد ہیں۔ مہنگائی، بیروزگاری اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر بھرپور احتجاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ نواز شریف‘ شہباز شریف کے بعد شاہد خان عباسی اور احسن اقبال کو بھی عدالتوں سے انصاف ملے گا اور وہ بھی جلد ہمارے درمیان ہونگے۔ تنظیمی اجلاس سے پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے نائب صدر راجہ عتیق سرور، انجینئر قمر الاسلام، بیرسٹر سعدیہ عباسی، طاہرہ اورنگزیب، سیما جیلانی، راجہ جاوید اخلاص، ملک شکیل اعوان، ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مقبول خان، بیرسٹر دانیال تنویر، سجاد خان، ضلعی صدر سردار ممتاز، جنرل سیکرٹری شوکت جنجوعہ، ایم پی اے زیب النساء اعوان، زنیرہ ستی، ضیاء اللہ شاہ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، اصغر عباسی، راجہ حمید ایڈووکیٹ، شوکت ستی، بلال ستی، چوہدری غفار، ڈاکٹر عارف قریشی، راجہ رفاقت، حافظ عثمان عباسی، راجہ عثمان سرور، سابق ایم پی اے ملک افتخار احمد، ملک منیر احمد، راجہ عرفان امتیاز، بیرسٹر عقیل ملک، ذیشان صدیق بٹ، ناصر اعوان، تحسین فواد، ارشد مغل، سابق ایم پی اے راجہ ارشد محمود کے علاوہ راولپنڈی ڈویژن کی تنظیموں کے عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ملک ابرار احمد نے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی ڈویژن نے ہمیشہ اپنی قیادت کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے، آئندہ بھی قیادت کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ڈیل نہیں کی جس کی وجہ سے آج بھی دوسرے اور تیسرے درجے کی قیادت سے انتقام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہمارے قائد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف ہمارے درمیان ہوں گے اور مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے مہنگائی، بیروزگاری اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف بھرپور احتجاجی تحریک کی قیادت کرینگے۔ اجلاس میں شرکاء نے یونین کونسل سطح تک تنظیم سازی، خالی عہدوں پر تقرریوں، سیاسی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے اپنی تجاویز دیں۔