آپ آف لائن ہیں
اتوار11؍شعبان المعظم 1441ھ 5؍اپریل 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

پاکستانی خواجہ سرا نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا


پاکستانی خواجہ سرا نایاب علی نے عالمی ایوارڈ ’ دی گالاز‘ اپنے نام کرکے عالمی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نایاب کو ’دی گالاز ایوارڈ ‘خواجہ سراؤں کی بہبود، حقوق، انصاف اور قانون سازی کے لیے کی جانے والی کوشش کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

خواجہ سرا نایاب علی پاکستان سے تعلق رکھنے والی وہ پہلی شخصیت ہیں  جنہیں آئر لینڈ کے سالانہ ایل جی بی ٹی پلس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نایاب علی ایک سماجی کارکن بھی ہیں۔


اس ایوارڈ کے لیے امیدواروں کی نامزدگی تین اداروں نے کی تھی جن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل، فرنٹ لائن ڈیفینڈرز اور نیشنل ایکس فاؤنڈیشن شامل ہیں۔

ان اداروں کی جانب سے مذکورہ ایوارڈ کے لیے رواں برس پوری دنیا سے چار لوگوں کو نامزد کیا گیا جن کا تعلق برازیل، قازقستان، کرغزستان اور پاکستان سے ہے۔

پاکستانی خواجہ سرا نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر : @nayyabpak

دی گالاز ایوارڈ کی تقریب آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں منعقد ہوئی، جس میں خواجہ سرا نایاب علی کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

نایاب ایوارڈ حاصل کرنے کے سلسلے میں آئرلینڈ تو پہنچیں لیکن طبعیت کی خرابی کے سبب وہ خود ایوارڈ وصول نہ کرسکیں۔

نایاب کو ملنے والا ایوارڈ  انتظامیہ کی جانب سے فرنٹ لائن ڈیفینڈرز کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریا نے وصول کیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والی خواجہ سرا نایاب علی ایک تعلیم یافتہ شہری ہیں اور ماسٹر ڈگری حاصل کر چکی ہیں۔ انہوں نے میٹرک اچھے نمبروں سے پاس کیا۔

نایاب کی این ٹی ایس ٹیسٹ میں کامیاب نہ ہونے کے باعث ڈاکٹر بننے کی خواہش پوری نہ ہو سکی، انہوں نے بین الاقوامی تعلقات میں گریجویشن کیا۔  نایاب علی نے مذہبی تعلیم بھی حاصل کی۔



سماجی کاموں میں متحرک نایاب علی نے ٹرانسجینڈر رائٹس پروٹیکشن ایکٹ، ٹرانسجینڈر رائٹس ویلفیئر پالیسی منظور کروانے سمیت دیگر اہم کام کئے۔

نایاب نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں کمپنی رجسٹرڈ کرائی ہے جس کا نام ٹرانس جینڈر رائٹس کنسلٹنٹ ہے۔

2017 میں پاکستان کا پہلا ٹرانسجینڈر اسکول اوکاڑہ میں بنانا انہی کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہی نہیں بلکہ نایاب اسلام آباد پولیس کے لیے بھی ایک پالیسی ترتیب دے  چکی ہیں جس میں انہوں نے عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کے حوالے سے طریقہ کار واضح کیا۔

چند ماہ قبل نایاب پر نامعلوم افراد نے تیزاب سے حملہ بھی کیا تھا ، اس واقعے میں ان کا چہرہ پوری طرح محفوظ رہا تاہم گردن تیزاب سے جھلس گئی تھی۔

نایاب پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ہیں جنہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی پارٹی کے ٹکٹ پر اپنے شہر اوکاڑہ سے 2018 میں الیکشن بھی لڑا۔ الیکشن میں وہ 1197 ووٹ لینے میں کامیاب رہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید