کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کا پانچواں سیزن قریب آرہا ہے۔ لیگ کی ہردلعزیز ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہر سال کی طرح اس بار بھی حریفوں کو ناکوں چنے چبوانے کیلئے تیار ہے۔ کھلاڑی پریکٹس کا آغاز اتوار سے کرینگے۔ البتہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز کونامکمل دستاویز کی وجہ سے ابھی تک پاکستانی ویزہ جاری نہیں ہوسکا۔ان کی پاکستان آمد تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ انہوں نے وائٹ بیک گرائونڈ والی تصویردرخواست کے ساتھ جمع نہیں کرائی تھی۔ انگلش اوپنر جیسن رائے انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی سیریز میں مصروف ہیں وہ 19فروری کو ٹیم جوائن کریں گے۔ کوئٹہ کے منیجر اعظم خان نے منگل کو نمائندہ جنگ کو بتایا کہ ویو رچرڈزنے ویزے کے لئے اپنی کچھ دستاویز تاخیر سے جمع کرائی تھیں۔ توقع ہے کہ رچرڈز بیس فروری کو کراچی آئیں گے اور افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب شام کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔ کوئٹہ کی ٹیم میگا ایونٹ میں افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈکے خلاف کھیلے گی۔ کوئٹہ کے غیر ملکی کھلاڑی ٹمال ملز، بین کٹنگ، شین واٹسن اور فواد احمد 15 فروری کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔کوئٹہ کا پہلا پریکٹس سیشن 16فروری کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کوئٹہ کی ٹیم سرفراز احمد اور معین خان کی سربراہی میں پہلے میچ سے قبل تین دن پریکٹس کرے گی۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو چیمپئن دیکھنا ہے تو سرفراز احمد سے بہتر چیمپئن اور حقیقی رول ماڈل کوئی اور نہیں ہوسکتا۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ہمیشہ سے ایک لیڈر ہے ۔ پی سی بی اس کی لیڈر شپ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے بجائے اسے ضائع کررہا ہے۔ ندیم عمر نے کہا کہ امید ہے کہ سرفراز احمد پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھاکر ٹیم میں واپس آئے گا۔