• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ چیزوں کو کھانے کا مزہ موسم سر ما میں ہی آتا ،جیسا کہ مچھلی اس کے مختلف پکوان خواتین زیادہ تر سردیوں میں ہی بناتی ہیں ۔اسی لیے اس ہفتے ہم آپ کی خدمت میں مچھلی کے منفرد پکوان کی تراکیب پیش کررہے ہیں ۔انہیں آزماکر خود بھی مزے سے کھا ئیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں ۔

مچھلی کی کڑاہی

اجزا:مچھلی کے فلے آدھا کلو ،ٹماٹر (چوپ کئے ہوئے) چھ عددپسی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ ،پسا ہوا سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ ،پسا ہوا دھنیا دو چائے کے چمچے،لیموں کا رس دوکھانے کے چمچے، ادرک (چوپ کی ہوئی) ایک کھانے کا چمچہ،لہسن (چوپ کئے ہوئے) تین جوے،ہرا دھنیا (چوپ کیا ہوا)آدھی گڈی گارنش کے لیے، کُٹی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ ،تیل حسب ضرورت

ترکیب :کڑاہی میں تیل گرم کرکے لہسن اور ادرک بھونیں۔اس میں ٹماٹر شامل کریں،پھر ڈھکن ڈھانک کر ٹماٹر نرم ہونے تک پکائیںاوراسے چمچے سے کچل لیں۔اس کے بعد لال مرچ ، زیرہ، پسا دھنیا، لیمو ں کا رس، ہرا دھنیا، کالی مرچ، اور نمک ملا کرتیل علیحدہ ہونے تک بھونیں،پھر اس میںمچھلی شامل کرکے دس منٹ پکاکر ڈش میں نکالیں۔ آخر میں ہرے دھنیے سے گارنش کریں ۔

مچھلی کا کٹا کٹ

اجزا :مچھلی(بغیر کانٹے کی) آدھا کلو،نمک حسب ذائقہ،پسا ہوا لہسن ایک کھانے کا چمچہ ،پیاز دو عدد درمیانی،سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،اجوائن آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں آٹھ سے دس عدد,ہرادھنیا حسب پسند ،تیل آدھی پیا لی

ترکیب:مچھلی کو صاف دھو کر خشک کرلیں اور اس پر نمک اور لہسن لگا کر دس منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں۔پھر فرائنگ پین میں دو کھانے کے چمچے تیل میں مچھلی کو تیز آنچ پر سنہری فرائی کرکے نکال لیں ۔اسی فرائنگ پین میں آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی پیاز ڈال کر نرم ہونے تک فرائی کریں ۔بعدازاں فرائی کی ہوئی مچھلی ڈال کر چمچ کی مدد سے کٹاکٹ کی طرح کچلتے ہوئے اچھی طرح فرائی کرلیں ۔آخر میں اس میں باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں ،اجوائن اور بھنا کٹا زیرہ ڈال کر ملائیں ،باریک کٹا ہوا ہرادھنیا ڈال کر ڈھک کر ہلکی آنچ پر تین سے چار منٹ رکھ دیں ۔مزیدار مچھلی کٹاکٹ تیار ہے۔

مچھلی مسالہ دہی

اجزا:مچھلی آٹھ پیس، تازہ دہی ایک کپ ،ادرک کا پیسٹ ڈیڑھ چائے کا چمچہ، ہلدی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ ،گرم مسالہ پسا ہوا آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں دو عدد (کٹی ہوئی)پیاز ایک عدد (کٹی ہوئی)سفید رائی ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ،تیز پتا ایک عدد،ثابت کالی مرچ دس دانے۔

ترکیب :مچھلی کو اچھی طر ح دھو کر صاف کر لیں،دہی کو پھینٹ کر اس میں ہلدی، ادرک، پیاز، رائی، ہری مرچ، اور نمک مکس کر لیں۔اب مچھلی کو اس آمیزے میںایک گھنٹے کے لیے میرینیٹ کرکے رکھ دیں ۔تیز پتے اور کالی مرچ کے دانوں کو ایک کڑاہی میں خشک بھون لیں جب وہ خوشبو دینے لگے تو ان میں آدھا کپ پانی ، پیسٹ سمیت مچھلی اور سب اجزا کواچھی طرح مکس کرکے تیز آنچ پر پکائیں،پھر آنچ دھیمی کرکے ڈھکن ڈھک دیں ۔جب مچھلی گل جائے اور گریوی گاڑھی ہو جائے تو گرم مسالہ چھڑک کر چولہہ بند کردیں۔

تازہ ترین