کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کو تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل آئندہ ماہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میں کرانے کی تجویز دی ہے۔ تینوں میچ پاکستان سپر لیگ کے بعد مارچ کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے مطابق لاہور اور کراچی کے سینٹرزکی دستیابی محدود ہے کیونکہ ہم اپنی بیشتر کرکٹ بھی یہیں کھیل رہے ہیں اور اس وجہ سے وہاں کی وکٹ بھی متاثر ہورہی ہے۔ سیریز کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے۔ امید ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں کسی نتیجہ پر پہنچ جائیں گے۔ بدھ کو وسیم خان نے کہا کہ جنوبی افریقا کو راولپنڈی بطور وینیو تجویز کیا ہے اور مہمان بورڈ اس تجویز پر راضی ہے۔ پی سی بی اور جنوبی افریقی بورڈ دورہ کے حوالے سے مطمئن ہیں۔ جنوبی افریقا کا دورہ بھارت 18 مارچ کو ختم ہوگا جبکہ پی ایس ایل فائیو کا فائنل 22 مارچ کو شیڈول ہے لہٰذا پروٹیز ٹیم کا بھارت سے جنوبی افریقا جانا اور پھر پاکستان آناممکن نہیں ہوگا، اس لیے ہمیں سوچنا ہے کہ وہ 6سے 8 روز متحدہ عرب امارات میں رکیں جہاں ہم انہیں پریکٹس کی سہولیات فراہم کریں یا پھر انہیں براہ راست پاکستان بلایا جائے۔ پاکستان سپر لیگ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں ممکن بنانے میں اہم کردار اد ا کیا ہے۔ گذشتہ ایڈیشن کے دوران پی ایس ایل کے 8 میچوں کا کراچی میں انعقاد کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ پنڈی اسٹیڈیم اس مرتبہ 8 پی ایس ایل میچوں کی میزبانی کررہا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ جنوبی افریقا سیریز کے حوالے سے ہمیں کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے شعبہ سیکورٹی کے سربراہ کی آمد کا انتظار ہے، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے ابتدائی دنوں میں ان کی پاکستان آمد متوقع ہے، ان کے پاس مختلف مقامات کے لیے سیکورٹی پلان تیار ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز میں چند روز باقی رہ گئے ہیں۔32 روزہ ایونٹ ملک بھر میں موجود مداحوں کوکھیل سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ ملک میں انٹرنیشنل میچز کو مستقل بنیادوں پر انعقاد کو بھی یقینی بنائے گا۔ وسیم خان کا کہناہے کہ ہمارے لیے لیگ کے تمام میچز لاہور اور کراچی میں منعقد کروانا زیادہ آسان تھا مگر ہم اس کھیل کو ان دو شہروں تک محدود نہیں رکھناچاہتے۔ ملک میں کرکٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ وینیوز تیار کرنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ہیروز کو سامنے کھیلتا ہوا دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی پشاور، ملتان ، فیصل آباداور حیدرآباد کرکٹ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرکام کررہا ہے، مگر یہاں بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے لیے لاجسٹک اور ہوٹل سمیت دیگر بہترین سہولیات درکار ہیں۔